لاڑکانہ میں وڈیرے کا غریب مزدور پر بہیمانہ تشدد، لہولہان کردیا

ویب ڈیسک  منگل 6 ستمبر 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

لاڑکانہ کی تحصیل ڈوکری میں انسانیت شرما گئی، بااثر وڈیرے کے بندوں نے غریب مزدور پر بہیمانہ تشدد کرکے لہولہان کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق غریب مزدور پر بدترین تشدد کا انسانیت سوز واقعہ لاڑکانہ کی تحصیل ڈوکری شہر میں پیش آیا، جہاں رنگ ساز مزدور پر بااثر وڈیرے کے بندوں کا بہیمانہ تشدد اور غیر انسانی سلوک کیا۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ قربان چانڈیو نامی رنگ ساز مزدور کے ہاتھ پائوں رسی سے باندھ کر اس پر تشدد کرکے لہو لہان کیا گیا اور گلیوں میں گھسیٹا گیا اور اس دوران مزدور کی تذلیل کی غرض سے ویڈیوز بنائی گئیں۔

قربان چانڈیو پر تشدد گاڈھی برادری کے بااثر وڈیرے کے کہنے پر گاڈھی برادری کے افراد نے متاثرہ شخص کے اہل خانہ کے سامنے کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قربان چانڈیو پر بااثر افراد تشدد کرکے اسے لہو لہان حالت میں تھانے لے گئے جہاں سے پولیس نے اسے علاج کی غرض سے اسپتال منتقل کیا لیکن ملزمان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔

لاڑکانہ پولیس نے علاقہ مکینوں کا حوالہ دیتے ہوئے میڈیا نمائندے کو بتایا کہ تنازع مبینہ طور پر وڈیرے کی دیوار کے ساتھ بھینسیں باندھے کے باعث پیش آیا۔

ایس ایس پی لاڑکانہ کا نوٹس:

ذرائع کے مطابق واقعے کی انسانیت سوز واقعے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی تو ایس ایس پی آصف بلوچ نے نوٹس لیتے ہوئے پولیس افسران کو ڈوکری پولیس اسٹیشن کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دیدیا۔

ایس ایس پی آصف بلوچ کا کہنا ہے کہ لاڑکانہ ڈوکری میں مزدور پر ہونے والے تشدد میں ملوث ملزم لیاقت ولد محمد خان گاڈھی گرفتار کرلیا ہے جب کہ زخمی ہونے والے شہری قربان علی چانڈیو کو ڈوکری پولیس کی جانب سے بروقت میڈیکل لیٹر بھی جاری کردیا گیا۔

ایس ایس پی لاڑکانہ آصف بلوچ کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والے دیگر ملزمان کی شناخت ہونے کے بعد مزید گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔