پاکستان سب میرین کیبل کے ذریعے فرانس سے منسلک

ویب ڈیسک  منگل 6 ستمبر 2022
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  پاکستان اینڈ ایسٹ افریقہ کنیکٹنگ یورپ (پی ای اے سی ای) سب میرین کیبل کی کراچی سے مارسیلیا، فرانس تک کنیکٹیویٹی کی فراہمی کے لئے انفراسٹرکچر کی تعمیر مکمل ہوگئی ہے.

ایکسپریس نیوز کے مطابق پیس کیبل ابتدائی طور پر پاکستان سے فرانس تک 15,000 کلومیٹر پر مشتمل زیر سمندر کیبل ہے، جو پاکستان سے سنگاپور تک 6,500 کلومیٹر تک کا اضافی پھیلاؤ رکھتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کیبل کا پاکستان-مصر سیگمنٹ کراچی اور ظفرانہ (مصر)کو ملاتا ہے جس کی کل لمبائی 5,800 کلومیٹر ہے۔ پاکستان سے فرانس تک کنیکٹیویٹی مکمل ہونے کے بعد سروس کے لیے تیار ہے۔

پیس کیبل کا مین ٹرنک سنگاپور، پاکستان، کینیا، مصر اور فرانس میں ہے جس کی شاخیں مالدیپ، مالٹا، قبرص اور  دیگر ممالک سے جڑی ہوئی ہیں۔سب میرین کیبل پاکستان کے بین الاقوامی روابط میں انتہائی تیز، اعلیٰ صلاحیت، کم تاخیر اور ریڈنڈینٹ کنیکٹویٹی میں اضافے کا باعث ہو گی۔

پیس کیبل کی انتظامیہ پر مشتمل سینئر عہدیداروں نے پی ٹی اے ہیڈ کوارٹرز میں چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل(ریٹائرڈ) عامر عظیم باجوہ سے آن لائن اور بالمشافہ ملاقات کے دوران کنیکٹیویٹی سے آگاہ کیا۔

وفد میں پیس مینجمنٹ کے سی او او سن ژاؤہوا، پیس مینجمنٹ ڈائریکٹر ژانگ ڈونگہائی، کمرشل ڈائریکٹر کرس ژانگ (آن لائن) اور پیس کیبل، کنٹری منیجر پاکستان، شعیب اشفاق قریشی،  شامل تھے۔

وفد کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کے لئے بھرپور دلچسپی ظاہر کی گئی اور پاکستان کو ڈیجیٹل طور پر منسلک کرنے کے عمل میں مزید تیزی لانے کے لیے اختراعی ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی سلوشنز کی ترقی کے حوالے سے بھی مستقبل کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔