روس میں آتش فشاں پہاڑ سر کرنے کے دوران 8 کوہ پیما گر کر ہلاک

ویب ڈیسک  منگل 6 ستمبر 2022
تین کوپیما اب بھی پھنسے ہوئے ہیں، فوٹو: فائل

تین کوپیما اب بھی پھنسے ہوئے ہیں، فوٹو: فائل

 ماسکو: روس میں ایک آتش فشاں پہاڑ کی چوٹی سر کرنے کے لیے جانے والے 12 میں سے 5 کوہ پیما پہاڑ سے گر کر جب کہ 3 موسم کے باعث ہلاک ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس میں کلِیُوشَیفسکایا سوپکا نامی آتش فشاں پہاڑ کو سر کرنے کی کوشش میں 9 کوہ پیما ہلاک ہوگئے جب کہ 3 کوہ پیما اب بھی پہاڑی علاقے میں پھنسے ہوئے ہیں۔

ریسکیو ادارے کو کوہ پیماؤں کی ٹیم کے ایک رکن کی جانب سے ایمرجنسی کے سگنل موصول ہوئے تھے جس پر ریسکیو ٹیم بھیجی گئی۔ امدادی کارکنان نے ہیلی کاپٹرز سے راستے میں 9 کوہ پیماؤں کی لاشیں دیکھیں۔

15 ہزار 597 فٹ بلند پہاڑ کو سر کرنے کے لیے جانے والے گروپ میں 2 مقامی گارڈز بھی شامل تھے۔ ان میں سے پانچ کوہ پیما 4 ہزار 150 میٹر کی بلندی سے نیچے گر گئے جب کہ مزید 3 کوہ پیما درجہ حرارت منفی 14 سینٹی گریڈ ہونے پر جان کی بازی ہار گئے۔

امدادی ٹیم سخت خراب موسم کے باوجود باقی بچ جانے والے 3 کوہ پیماؤں تک پہنچ گئے تاہم کوہ پیماؤں کو واپس لانے کا آپریشن تیز ہواؤں اور خراب موسم کے باعث روکنا پڑا۔

کوہ پیماؤں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔