پاک فوج کے سربراہ سے متعلق بیان پر عمران خان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر

محمد ہارون  منگل 6 ستمبر 2022
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

 لاہور: پاک فوج کے سربراہ سے متعلق بیان پرعمران خان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست مقامی عدالت میں دائر کردی گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کی مقامی عدالت میں شہری شیخ مظفر حسین نے درخواست دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان نے چار ستمبر کو فیصل آباد کے جلسے میں پاک فوج کے سربراہ سے متعلق خطرناک بیان دیا۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان نے بیان کے ذریعے حساس ادارے میں بغاوت کروانے کی کوشش کی لہذا عدالت سمن آباد تھانے کو پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف فوری مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔

درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ایڈیشنل سیشن جج نے پولیس سے اندراج مقدمے کی درخواست پر 10 ستمبر تک جواب طلب کرلیا۔

مزید پڑھیں: عمران خان کا موقف ہے فوج نیوٹرل رہے تو اس پر کیچڑ اچھالو، مریم نواز

واضح رہے کہ عمران خان نے دو روز قبل فیصل آباد جلسے میں پاک فوج کے سربراہ کی تقرری کے حوالے سے ایک بیان دیا تھا، جس پر آئی ایس پی آر سمیت وزیراعظم، کابینہ اراکین، سیاست دانوں اور صدر مملکت عارف علوی نے شدید تنقید کی۔

صدر مملکت نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ عمران خان اپنے بیان سے متعلق خود ہی وضاحت کرسکتے ہیں، حکومت سے لے کر تمام ریاستی ادارے اور اس میں بھرتی افراد کی حب الوطنی پر شک نہیں کیا جاسکتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔