وزیراعظم ریلیف پیکیج سے18لاکھ صارفین مستفید ہورہےہیں، کے الیکٹرک

ویب ڈیسک  منگل 6 ستمبر 2022
فائل: فوٹو

فائل: فوٹو

 کراچی: کے الیکٹرک کاکہنا ہے کہ وزیراعظم فیول ایڈجسٹمنٹ ریلیف پیکیج سے 18لاکھ صارفین مستفید ہورہے ہیں۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے ماہ جون کے لیے اعلان کردہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) ریلیف پیکیج سے کراچی اور ملحقہ علاقوں میں کے الیکٹرک (کے ای) سروس ایریا کے 18 لاکھ اہل صارفین مستفید ہورہے ہیں، اور اگست کے ترمیم شدہ بل ان کی رہائش گاہوں پر توسیع شدہ مقررہ تاریخوں کے ساتھ پہنچائے جارہے ہیں۔

حکومت کی جانب سے ایف سی اے ریلیف پیکیج کے  پہلے حصے میں جون میں 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے نان ٹی او یو ( non TOU) رہائشی صارفین کے لیے ریلیف کا اعلان کیا گیا۔ بعد ازاں حکومت پاکستان نے اس ریلیف کو 300 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین تک بڑھادیا۔

اعلامیہ کے مطابق اگست کے نظرثانی شدہ بل کے – الیکٹرک کے صارفین کو ان کی رہائش گاہوں پر پہنچائے جارہے ہیں،وہ تمام اہل صارفین جو اگست کے غیر ترمیم شدہ بل پہلے ہی ادا کر چکے ہیں، انہیں ستمبر کے مہینے میں نظرثانی شدہ بل وصول ہوں گے۔

کے- الیکٹرک ترجمان کا کہنا ہے کہ  ہم وزیراعظم کے اعلان کے مطابق اہل صارفین کو فائدہ پہنچانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کررہے ہیں۔ ریلیف پیکیج کے اعلان کے بعد ہمارے کسٹمر کیئر سینٹرز صارفین کی سہولت کے لیے دیر تک کھلے رہے- ہفتہ وار تعطیلات کے دوران بھی صارفین کی سہولت کیلئے سینٹرز کھلے رہے۔

صارفین کی سہولت کے لیے بل ان کی رہائش گاہوں پر پہنچا رہے ہیں، تاکہ انہیں ہمارے کسٹمرز کیئر سینٹرز آنے کی زحمت نہ ہو، بلز کے ای واٹس اَیپ سروس، کے ای لائیو اَیپ اور کمپنی کی ویب سائٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کئے جاسکتے ہیں۔

ترجمان کے مطابق ماہ جون کے لیے دیا گیا ایف سی اے ریلیف پیکیج کا نفاز بجلی کے 300 یا اس سے کم یونٹس استعمال کرنے والے غیرٹی او یو(Non Tou ) رہائشی صارفین پر ہوگا۔

کے- الیکٹرک کے مطابق باقی تمام صارفین، جیسے ٹی او یو (TOU ) رہائشی صارفین اور 300 یونٹس سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والے غیر ٹی او یو (Non ToU) رہائشی صارفین، تجارتی اور صنعتی صارفین ریلیف کے اہل نہیں ہیں۔

ترجمان کا کہناہے کہ صارفین کسی بھی ابہام کی صورت میں کے ای کال سینٹر 118، ایس ایم ایس سروس 8119، کے ای لائیو اَیپ، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، اور واٹس ایپ سیلف سروس پورٹل 24/7پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔