ایشیاکپ؛ پاکستان آج افغانستان کے مدمقابل آئے گا

ویب ڈیسک  بدھ 7 ستمبر 2022
(فوٹو: ٹوئٹر) جیت کی صورت میں پاکستان کے ہاتھوں فائنل کا ٹکٹ کٹوانے کا موقع ملے گا

(فوٹو: ٹوئٹر) جیت کی صورت میں پاکستان کے ہاتھوں فائنل کا ٹکٹ کٹوانے کا موقع ملے گا

 دبئی: ایشیاکپ کے اہم میچ میں آج پاکستانی ٹیم افغانستان سے ٹکرائے گی، ٹیم نے فاتحانہ چال برقرار رکھی تو فائنل کا ٹکٹ کٹوانے کا موقع ہاتھ آئے گا۔

تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں بھارتی برج الٹنے کے بعد پاکستان ٹیم کا اگلا امتحان آج افغانستان سے شارجہ میں میچ کے دوران ہوگا۔ ٹاپ آرڈر میں محمد رضوان تسلسل کے ساتھ پرفارم کررہے ہیں، ان کی فٹنس کے حوالے سے کچھ شکوک تھے، ٹیسٹ بھی کروائے گئے مگر پی سی بی کے مطابق وہ میچ کیلیے دستیاب ہیں۔

رضوان نے گذشتہ روز پریکٹس سیشن میں شرکت سے گریز کرتے ہوئے آرام کیا، ساتھی اوپنر بابر اعظم ابھی تک کوئی بڑی اننگز نہیں کھیل پائے ہیں، آؤٹ آف فارم کپتان پر توقعات کا بوجھ بڑھ گیا ہے جبکہ تیسری پوزیشن پر موجود فخرزمان کو بھی بڑی اننگز کھیلنا ہوگی۔

مزید پڑھیں: ایشیاکپ؛ کون کون سے پاکستانی کھلاڑی ٹاپ پوزیشن پر قابض ہیں؟

مڈل آرڈر میں خوشدل شاہ،آصف علی، افتخار احمد اور بھارت کو ناکوں چبوانے والے محمد نواز موجود ہیں،شاہنواز دھانی کی فٹنس میں بہتری آگئی مگر محمد حسنین کی جگہ ان کو شامل کرنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا جائے گا،نسیم شاہ بھارت سے میچ میں پٹائی برداشت کرنے کے بعد کم بیک کے ارادے باندھ رہے ہیں۔

دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ کا دبائو ہوتا ہے،ہم نے اس کو کم کیا ہے،پاور پلے میں زیادہ رنز بنے مگر بولنگ یونٹ نے اچھا کم بیک کیا،فخرزمان اور محمد رضوان کریز پر تھے تو حریف ٹیم کو تھوڑی پریشانی تھی،اسی لیے لیفٹ رائٹ کمبی نیشن آزمانے کا فیصلہ کیا۔

مزید پڑھیں: ایشیا کپ: سری لنکا نے بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف فتح سے ٹیم کا مورال بلند ہوا، ہمارا پلان ہے کہ جس مومینٹم میں چل رہے ہیں اسی کو اگلے میچز میں برقرار رکھیں، خوشی کی بات ہے کہ ایشیا کپ میں بولرز اور بیٹرز میں سے کوئی نہ کوئی ٹیم کی ضرورت کے مطابق پرفارم کررہا ہے، مختلف مین آف دی میچ سامنے آرہے ہیں۔

بابراعظم نے کہا کہ ہر کپتان چاہتا ہے کہ ٹرافی اٹھائے مگر یہ صرف کہنے سے ممکن نہیں ہوتا، کوشش اور محنت کرتے ہوئے میچز جیتنا پڑتے ہیں،کھلاڑی کارکردگی دکھارہے ہیں، ہم فتح کی پوری کوشش کریں گے، نتائج اللہ کے ہاتھ میں ہیں۔

واضح رہے کہ افغانستان ٹیم سپر فور مرحلے میں اپنا پہلا میچ سری لنکا کے خلاف ہار گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔