مہنگائی اور بیروزگاری کا طوفان بےشرم حکمرانوں کیلئے درس عبرت بنے گا، شیخ رشید

ویب ڈیسک  بدھ 7 ستمبر 2022
 (فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

 اسلام آباد: شیخ رشید نے موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومتی قرضے 50 ہزار ارب سے بڑھ گئے ہیں لیکن ساری سیاست اہل کو نااہل اور نااہل کو اہل بنانے کیلئے ہورہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سماجی رابطے کی مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری بیان میں کیا، انہوں نے کہا کہ ایک دن میں عمران خان کے خلاف 12 پریس کانفرنسیں بیوقوف حکومت ہی کرسکتی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکومتی قرضے50 ہزار ارب سے بڑھ گئے ہیں، بجلی، پیٹرول اور آٹے کی قیمت آسمان پر چلی گئی ہے لیکن ساری سیاست اہل کو نااہل اور نااہل کو اہل بنانے کے لیے ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ملک کے وزیراعظم کوعدالت میں آواز پڑے گی کہ ملزم حاضر ہو۔

سابق وزیر داخلہ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ حکومت کی یوٹیوب پر بندش، نشریاتی اداروں پر سینسر اور پابندی، صحافیوں کی جبری برطرفی اور جلاوطنی، بےگناہ ورکروں پر جھوٹے مقدمے اور عمران خان پر دہشت گردی کا مقدمہ اور اداروں سے لڑوانے کی سازش، کارخانوں کی بندش، مہنگائی اور بے روزگاری کا طوفان بے شرم حکمرانوں کےلیے درس عبرت بنےگا اور یہ عوام سےمنہ چھپاتے پھریں گے۔

RA

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔