امریکی بمبار طیارے کو دوران پرواز 6 سعودی لڑاکا طیاروں نے سکیورٹی فراہم کی

ویب ڈیسک  جمعرات 8 ستمبر 2022
امریکی بی 52 بمبار طیارہ جوہری ہتھیار لے جانے کا حامل ہے (فوٹو سعودی وزارت دفاع)

امریکی بی 52 بمبار طیارہ جوہری ہتھیار لے جانے کا حامل ہے (فوٹو سعودی وزارت دفاع)

ریاض: سعودی عرب کی شاہی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے امریکی بمبار طیارے کو اپنی حدود سے گزرنے میں دوران پرواز سکیورٹی فراہم کی۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق سعودی عرب کی شاہی فضائیہ کے چھ F-15SA ٹائفون اور F-15C لڑاکا طیاروں نے امریکی فضائیہ کے بی۔52 (اسٹریٹیجک) بمبار طیارے کو مملکت کی فضائی حدود سے گزرتے ہوئے سکیورٹی فراہم کی اور دوران پرواز اس یے ارد گرد اپنا حصار قائم رکھا۔

سعودی وزارت دفاع نے امریکی بمبار طیارے کو سکیورٹی فراہم کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بیان میں کہا ہے کہ سعودی فضائی حدود سے گزرنے کے دوران سکیورٹی فراہم کرنے کا معاملہ خطے کی سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے دونوں فضائی افواج کے درمیان جوائنٹ ایکشن سمجھوتے کا حصہ ہے۔

مشرق وسطیٰ کی فضائی حدود سے گزرنے والا امریکی بی 52 بمبار طیارہ جوہری ہتھیار لے جانے کا حامل ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ مملکت کی میزبانی میں سعودی مسلح افواج اور امریکی میرین کور نے لاجسٹک مشق الغضب العارم بھی کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔