ایشوریہ رائے کی بڑی اسکرین پر واپسی، پی ایس 1 کا ٹریلر جاری کردیا گیا

ویب ڈیسک  جمعرات 8 ستمبر 2022
فلم 30 ستمبر کو سنیما گھروں میں پیش کی جائے گی(فائل فوٹو)

فلم 30 ستمبر کو سنیما گھروں میں پیش کی جائے گی(فائل فوٹو)

ممبئی: بالی ووڈ کی کوئین ایشوریہ رائے اپنی نئی فلم ’پوننین سیلون1‘ میں  اداؤں کے جلوے بکھیرتی نظر آئیں گی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوبی بھارت کی فلم انڈسٹری کے معروف فلم ساز مانی رتنم  کی فلم’پوننین سیلون1‘  کا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔

دنیا بھر میں موجود لاکھوں دلوں پرراج کرنے والی خوبرو اداکارہ ایشوریہ رائے5 سال بعد اس فلم  میں مرکزی کردار نبھاتی دکھائی دیں گی جس کا شائقین کو سالوں سے انتظار تھا۔

پوننین سیلون میں ایشوریا رائے بچن 2 مختلف کرداروں میں نظر آئیں گی جن کی جھلک دیکھ کر مداح پہلے ہی اداکارہ پر دل ہار بیٹھے ہیں۔

فلم کے ٹریلر اور آڈیو لانچ کی تقریب کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایشوریہ کا کہنا تھا کہ وہ اس بڑی فلم کا حصہ بننے پر بےحد خوش ہیں اور ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ون بھارتی تاریخ سے جُڑی  فلم ہے جو لوگوں کو بےحد پسند آئے گی۔

پی ایس 1  کی ہدایتکاری کے فرائض مشہورِزمانہ فلموں دل سے،  گرو، راون اور روجا کے ہدایتکار مانی رتنم نے نبھائے ہیں۔

30 ستمبر کو ریلیز ہونے والی فلم کی کہانی 10ویں صدی عیسوی میں ہندستان کی سب سے بڑی ریاست شمار ہونے والی چولا سلطنت کے گرد گھومتی ہے۔

واضح رہے کہ پوننین سیلون کا ٹریلر 5 زبانوں تمل، تلوگو، ملیالم، ہندی اور کنڑ میں ریلیز کیا گیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔