وزیراعظم کی ہدایت پر بحرین تا کالام سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا

ویب ڈیسک  جمعـء 9 ستمبر 2022
سڑک کو فی الحال ہلکی ٹریفک کے لیے کھولا گیا ہے، حکام (فوٹو فائل)

سڑک کو فی الحال ہلکی ٹریفک کے لیے کھولا گیا ہے، حکام (فوٹو فائل)

 پشاور: وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر بحرین سے کالام تک سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ضلعی انتظامیہ سوات، انجینئرز 11 کور، ایف ڈبلیو او اور این ایچ اے کے تعاون سے بحرین سے کالام تک سڑک کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔قبل ازیں  کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے بھی اپنے دورے کے دوران بحرین سے کالام تک سڑک کو 2 دن میں بحال کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔

حکام کے مطابق سڑک کو فی الحال ہلکی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ سڑک کو فوری طور پر ہیوی ٹریفک کے استعمال کرنے سے گریز کیا جائے۔حکام نے  بحرین اور کالام کے درمیان سفر کرنے والوں کو ٹریفک کی بھیڑ سے بچنے کے لیے ٹریفک قوانین کی پابندی کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

کمشنر ملاکنڈ کے مطابق بحرین تا کالام سڑک بحال ہونے سے مٹلتان، گبرال، اریانی اور دوسرے علاقوں تک ریلیف اور امدادی کارروائیوں میں تیزی لائی جائے گی۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا ہے کہ میرے دورۂ کالام کے دوران سیلاب متاثرین اور کالام میں پھنسے مقامی و بین الاقوامی سیاحوں سے وعدے کے مطابق آج بحرین تا کالام سڑک کو بحال کرکے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔مشکل حالات کے باوجود راستے کی ترجیحی بنیادوں پر بحالی پر این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور 11 کور کے اہلکار لائق تحسین ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔