کراچی؛ نائن زیرو پر آتشزدگی کے دوران دھماکے، آگ پر قابو پالیا گیا

ویب ڈیسک  جمعـء 9 ستمبر 2022
آگ بجھاتے ہوئے ایک رینجرز اہلکار جھلس کر زخمی بھی ہوا (فوٹو انٹرنیٹ)

آگ بجھاتے ہوئے ایک رینجرز اہلکار جھلس کر زخمی بھی ہوا (فوٹو انٹرنیٹ)

 کراچی: شہر قائد کے علاقے عزیز آباد میں واقع ماضی میں ایم کیو ایم کے  زیر استعمال مکان  ’’نائن زیرو‘‘ میں اچانک خوفناک آگ لگ گئی، جس پر فائر بریگیڈ  کی 2 گاڑیوں نے کئی گھنٹوں کے بعد قابو پا لیا۔

پولیس کے مطابق آگ لگنے کی وجہ بظاہر شارٹ سرکٹ معلوم ہوتی ہے۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کے علاوہ پولیس اور رینجرز موقع پر پہنچیں۔  ترجمان رینجرز کے مطابق مکان کو گھیرے میں لینے بعد فائر بریگیڈ کے ساتھ مل کر آگ بجھانے کی کارروائی کی گئی۔واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم آگ بجھاتے ہوئے ایک رینجرز اہلکار جھلس کر زخمی ہوا۔

ترجمان رینجرز نے تصدیق کی کہ عزیز آباد میں مکان میں لگی آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا گیاہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔علاوہ ازیں بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی آتشزدگی کے دوران ہونے والے دھماکوں کا تعین کررہا ہے۔

پولیس نے آتشزدگی کے دوران جائے وقوع پر موجود افراد کو فوٹیج بنانے سے منع کردیا۔  ذرائع کے مطابق مکان بند تھا اور آگ لگنے کی ممکنہ وجہ شارٹ سرکٹ ہو سکتی ہے۔ نائن زیرو پر آتشزدگی کے بعد پورے علاقے کی لائٹ بند کردی گئی تھی۔

سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد عمارت کا معائنہ کیا جائے گا اور اگر اس دوران زیادہ مخدوش حالت پائی گئی تو اسے منہدم بھی کیا جاسکتا ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔