لاہور؛ شوہر کا خاتون اور مرد دوستوں کے ہمراہ بیوی پر بہیمانہ تشدد

ویب ڈیسک  جمعـء 9 ستمبر 2022
پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی

پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی

 لاہور: تھانہ ڈیفنس بی کی حدود میں شوہر نے خاتون اور مرد دوستوں کے ہمراہ اپنی بیوی کو بہیمانہ تشدد کرکے شدید زخمی کردیا۔

پولیس نے متاثرہ خاتون کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ مقدمے کے مطابق شوہر نے دوستوں کے ساتھ مل کر اپنی اہلیہ پر چاقو اور بیس بال کے بیٹ سے تشدد کیا۔ علاوہ ازیں تشدد کے دوران پانی پھینک کر اسے نیم برہنہ بھی کردیا۔ مدعیہ نازش نے مقدمے میں اپنے شوہر علی نیاز گجر، اس کی خاتون دوست پریا گل اور آفتاب انور کو ملزم نامزد کیا ہے۔

متاثرہ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ  اس کے شوہر علی نیاز گجر نے صلح کے لیے مجھے نجی ایونٹ منیجمنٹ کے دفتر بلوایا۔ جیسے  ہی وہ دفتر  میں داخل ہوئی تو ملزمان نے دروازے بند کردیے اور بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے مدعیہ نازش کی درخواست پر دفعہ 354، 337 ایف ون، 337 اے ون اور 337 ایل ٹو کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔

مقدمے کے اندراج کے بعد نامزد ملزمہ پریا گل  کے متاثرہ خاتون کے گھر پر حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پرآ گئی ہے، جس میں پریا گل کو گیٹ پر ڈنڈے مارتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔