شیمپو میں موجود یہ کیمیکلز بالوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 ستمبر 2022
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

کولمبس: ماہرین کا کہنا ہے کہ پروٹین اور آئرن سے بھرپور غذا کے استعمال کےساتھ بالوں کےلیے ممکنہ نقصانات رکھنے والے کیمیکلز کے حامل شیمپوؤں سے بچ کر مرد حضرات بالوں کے گرنے سے چھٹکارہ پانے میں مدد حاصل کر سکتے ہیں۔

امریکی شہر کولمبس میں قائم اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی کی ایک ماہرِ امراضِ جِلد ڈاکٹر سوزین میسِک نے اس بات پر زور دیا ہے کہ مردوں کو جتنی جلدی ہوسکے اپنی زیادہ تر غذا انڈے، بیف، چنے، لوکی کے بیج اور سیاہ لوبیا پر مشتمل کرلینی چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ اضافی پروٹین بالوں کے غدود کے بڑھنے میں مدد دیں گے جبکہ اضافی آئرن کی مدد سے ریڈ بلڈ سیلز زیادہ مقدار میں آکسیجن خلیوں تک لے جاسکیں گے۔

اس سے قبل دیگر ماہرین نے ایسے شیمپوؤں کے استعمال سے خبردار کیا تھا جن میں سلفیٹ اور فورمل ڈی ہائیڈ ہوتا ہے۔ سلفیٹ تقریباً ہر شیمپو میں موجود ہوتا ہے جس کی وجہ سے سفید جھاگ بنتے ہیں جبکہ فارمل دی ہائیڈ ایک کلیننگ ایجنٹ ہوتا ہے جو بیکٹیریا کو مارتا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ اجزاء بالوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں اور سر میں خارش کرتے ہوئے بالوں کے گِرنے کے عمل میں اضافہ کر سکتے ہیں اگرچہ تحقیق سے ان باتوں کی تصدیق ابھی باقی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔