چار منٹ میں تمام ممالک کے جھنڈے پہچاننے کا عالمی ریکارڈ
حسن داوے نے 2021ء میں بنائے گئے ریکارڈ کے وقت سے 6 سیکنڈ قبل تمام جھنڈوں کو پہچان کر ریکارڈ توڑا
لبنان سے تعلق رکھنے والے نوجوان نے چار منٹ میں تمام ممالک کے جھنڈے درست پہچان کر گینیز بک ریکارڈ قائم کر دیا۔
گینیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق 16 سالہ حسن داوے نے 2021ء میں بنائے گئے ریکارڈ کے وقت سے 6 سیکنڈ قبل تمام جھنڈوں کو پہچان کر ریکارڈ توڑا۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ بحرین کے آدم سعید کے پاس تھا۔
گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے حکام سے بات کرتے ہوئے داوے کا کہنا تھا 'میں نے 2021ء میں موسمِ گرما کا بڑا حصہ اس ریکارڈ کو حاصل کرنے کے لیے تیاری میں گزارا، مجھے یاد ہے جب یہ ریکارڈ 18 سیکنڈز کے فاصلے سے دوبارہ ٹوٹا اور 4 منٹ 6 سیکنڈ نیا ریکارڈ بنا تو میں ہار مان گیا تھا۔ یہ کام بہت مشکل ہوگیا تھا۔'
داوے نے کہا کہ انہوں نے اپنے مقصد کے لیے کوششیں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا اور انہیں یہ کامیابی تقریباً 1000 بار کی جانے والی کوششوں کے بعد ملی۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس 2013ء سے تمام گینیز ورلڈ ریکارڈ کی کتابیں موجود ہیں۔