ٹی 20 کپ؛ سرفراز احمد نے فارم کا ثبوت پیش کردیا

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 10 ستمبر 2022
56 کی اوسط سے 170 رنز بنا چکے، 5 کیچز تھام کر تمام وکٹ کیپرز میں سرفہرست (فوٹو: ٹوئٹر)

56 کی اوسط سے 170 رنز بنا چکے، 5 کیچز تھام کر تمام وکٹ کیپرز میں سرفہرست (فوٹو: ٹوئٹر)

کراچی: قومی ٹوئنٹی 20 کپ میں سرفراز احمد نے فارم کا ثبوت پیش کر دیا، سابق کپتان اب تک50 سے زائد کی اوسط سے 170 رنز بنا چکے ہیں۔

سرفراز احمد نے قومی ٹی 20 کپ میں سندھ کی جانب سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے قومی سلیکٹرزکی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی ہے، وہ ورلڈکپ اسکواڈ میں بطور سیکنڈ وکٹ کیپر منتخب ہو سکتے ہیں، اب تک کے 6 میچز میں انھوں نے 170 رنز بنائے جس میں 2 نصف سنچریاں شامل ہیں، سرفراز کی اوسط 56 رنز فی اننگز رہی،وہ وہ 5 کیچز تھام کر تمام وکٹ کیپرز میں سرفہرست ہیں۔

بیٹرز میں ساؤدن پنجاب کے زین عباس 241 رنز بناکر ٹاپ پوزیشن پر براجمان رہے، انھوں نے 2 ففٹیز بنائیں۔ بولنگ میں سندھ کے سہیل خان 5 میچز میں 17 کی اوسط سے 10 وکٹیں لے کر نمایاں ہیں، سلمان علی آغا، محمد عمران اور ثمین گل نے یکساں طور پر 9 ، 9 شکارکیے۔

مزید پڑھیں: ٹی20 رینکنگ میں رضوان نے بابراعظم سے پہلی پوزیشن چھین لی

دریں اثنا ایونٹ کا اختتامی مرحلہ ہفتے سے ملتان میں شروع ہو رہا ہے، اختتامی 17 میچز اسی شہر میں ہوں گے، ان میں سیمی فائنلز اور فائنل بھی شامل ہیں، 10 اور 11 ستمبر کو ابتدائی میچز صبح ساڑھے9 جبکہ دوپہر میں پونے 2بجے دوسرا مقابلہ شیڈول کیا گیا ہے، 12 ستمبر سے میچزکے اوقات کار دوپہر 3 اور شام ساڑھے7 رکھے گئے ہیں، راولپنڈی میں گروپ کے مجموعی طور پر 30 میں سے 16 میچز مکمل ہوگئے۔

دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا 10پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سرفہرست ہے، بلوچستان کا دوسرا نمبر رہا، سعود شکیل کی زیرقیادت ایونٹ میں شریک سندھ کی ٹیم تیسری پوزیشن پر براجمان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔