سیکرٹری جنرل یو این کی صدر الخدمت عبدالشکور سے ملاقات

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 10 ستمبر 2022
محمد عبدالشکور نے انتونیو گوتریس کو سیلاب متاثرہ علاقوں میں ابتر صورتحال سے آگاہ کیا

محمد عبدالشکور نے انتونیو گوتریس کو سیلاب متاثرہ علاقوں میں ابتر صورتحال سے آگاہ کیا

 لاہور: پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسلام آباد میں سیلاب متاثرین کےلیے کام کرنے والی اہم رفاہی تنظیموں اور منتخب کاروباری شخصیات سے ملاقات کی۔

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبدالشکور نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو سیلاب متاثرہ علاقوں ابتر صورتحال سے آگاہ کیا اور سیلاب متاثرین کےلیے الخدمت فاؤنڈیشن کی امدادی سرگرمیوں سے مطلع کیا۔

صدر الخدمت فاؤنڈیشن نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو پاکستان کی سیلاب سے متاثر سوا تین کروڑ آبادی کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعداد پرتگال کی کُل آبادی کے تین گنا سے بھی زیادہ ہے۔

عبد الشکور نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ملک کے چاروں صوبوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں میں کام کر رہی ہے اور متاثرین کو بڑے پیمانے پرپکا پکایا کھانا، پینے کا صاف پانی، خشک راشن، خیمے اور طبی سہولیات فراہم کر رہی ہے.

عبدالشکور نے بتایا کہ الخدمت ملک گیر تنظیم ہے اور اس کے کئی ہزار رضاکار ریسکیو اور ریلیف کے کام میں مصروف ہیں۔ پاکستانی ڈاکٹرز کی ایک بڑی تعداد اُن کے ہمراہ طبی سہولیات فراہم کرنے میں مصروف ہے۔

صدر الخدمت نے کہا وہ سیکرٹری جنرل کی بروقت پاکستان آمد کو دل سے سراہتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ سیلابی صورت حال کا آنکھوں سے جائزہ لینے کے بعد وہ دنیا کو زیادہ موثر انداز میں مالی مدد کے لئے آمادہ کر سکیں گے۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستانی باہمت قوم ہیں اور وہ یہ بات تب سے جانتے ہیں جب وہ ‘یو این ایچ سی آر’ کے ہائی کمشنر تھے اور پاکستان کے دورے پہ آیا کرتے تھے۔

انہوں نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے بھر پور مہم چلانے کا وعدہ کیا اور کہا کہ انہوں نے پاکستانی قوم کے عزم، ہمت اور فراخ دلی کا قریب سے مشاہدہ کیا ہے۔ پاکستانی قوم اگر اپنے سیاسی معاملات کو سلجھانے میں کامیاب ہو جائے تو اس کے ایک عظیم قوم بننے کے امکانات بہت روشن ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔