ناظم جوکھیو قتل کیس میں نیا موڑ؛ صلح نامہ پر زبردستی انگوٹھے لگوائے گئے، والدہ

کورٹ رپورٹر  ہفتہ 10 ستمبر 2022
عدالت نے ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کیلیے 24 ستمبر مقرر کردی۔

عدالت نے ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کیلیے 24 ستمبر مقرر کردی۔

 کراچی: ناظم جوکھیو قتل کیس میں نیا موڑ، ناظم جوکھیو کی والدہ نے عدالت میں دہائیاں دیتے ہوئے کہا کہ مجھ سے صلح نامہ پر اور کمپرومائز پیپر پر زبردستی انگوٹھے لگوائے، میرے بیٹے کے خون کا انصاف کیا جائے۔

عدالت نے ملزم جام اویس کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کیلیے 24 ستمبر مقرر کردی۔

کراچی ملیر کورٹ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج ماڈل عدالت کے روبرو ناظم جوکھیو قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت ناظم جوکھیو کی والدہ عدالت پہنچ گئیں۔

والدہ نے عدالت میں دہائیاں دیتے ہوئے کہا کہ میرے بیٹے کے خون کا انصاف کیا جائے۔ مجھ سے زبردستی صلح نامہ پر اور کمپرومائیز پیپر پر زبردستی انگوٹھے لگوائے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے آپ نے جو کہنا ہے اپنے وکیل کے ہمراہ آئیں۔ خاتون نے کہا میرا وکیل مظہر جونیجو ہے۔

جام اویس گہرام کے پیش نہ ہونے پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔ عدالت نے جام اویس گہرام کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔

وکیل صفائی نے موقف دیا کہ جام اویس اسپتال میں ہے پیش  نہیں ہوسکتے۔ مدعی افضل جوکھیو، بیوہ زوجہ شیرین جوکھیو اور ان کی والدہ سے ملزمان کی مصالحت ہوگئی ہے۔ خون معاف کرکے ملزمان پر مقدمہ ختم کریں اور انہیں باعزت بری کیا جائے۔

عدالت نے ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کیلیے 24 ستمبر مقرر کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔