پی ٹی آئی رکن اسمبلی سلطان محمد خان نے اے این پی میں شمولیت اختیار کرلی

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 ستمبر 2022
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

چارسدہ: پی ٹی آئی کے ایم پی اے و سابق وزیر قانون سلطان محمد خان نے اے این پی میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اپنی ضد اورانا کے لیے لوگوں کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق سلطان محمد خان کے ہمراہ پارٹی کے ہزاروں کارکنوں نے بھی تقریب میں شرکت کی جہاں اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔

اس حوالے سے سلطان محمد خان نے کہا کہ اے این پی کے قائدین کا بہت شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے بڑی عزت دی، آج میں اور میرا پورا خاندان سمیت میرے سپورٹر باقاعدہ طور پر اے این پی میں شامل ہوئے ہیں، ولی باغ پختونوں کا سیاسی قبلہ ہے جس کو ہم بڑے احترام سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ولی خان نے جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے لئے طویل جدوجہد اور قربانیاں دی، ایمل ولی خان پختون قوم کی حقیقی ترجمانی کر رہے ہیں، عمران خان کے مقابلے میں ایمل ولی خان کو کامیاب کرنا پوری قوم کے لیے ضروری ہے۔

سلطان محمد خان نے کہا کہ عمران خان اب بھی رکن اسمبلی ہے مگر اسمبلی نہیں جا رہے، عمران خان اپنی ضد اورانا کے لیے لوگوں کو بے وقوف بنا رہے ہیں، عمران خان کو آئینی طریقے سے ہٹایا گیا مگر موصوف مانتے نہیں جبکہ عدالتیں عمران خان کے خلاف فیصلہ دیں تو شور مچاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایمل ولی خان جب بھی حکم دینگے اسمبلی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دوں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔