پی ٹی آئی ایک جلسے پر 25 سے 30 کروڑ روپے خرچ کررہی ہے، عطا تارڑ

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 ستمبر 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ایک جلسے پر 25 سے تیس کروڑ روپے خرچ کررہی ہے، بہتر ہوتا وہ یہ رقم سیلاب زدگان پر خرچ کرتی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے ہر صوبے میں جا رہے ہیں، حکومت پوری طرح متاثرین کی بحالی کیلئے پر عزم ہے، عمران خان کے دور میں کسی بھی قدرتی آفت پر اس طرح کام نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت سیلاب کی آفت کے دوران بھی سیاست کر رہی ہے، پی ٹی آئی کی مختلف صوبوں میں حکومت ہے، انہیں سیلاب متاثرین کی بڑھ کر امداد کرنی چاہیے، پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں صوبائی حکومت کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے، نااہلی میں پرویز الہٰی عثمان بزدار کو بھی پیچھے چھوڑ گئے ہیں، پنجاب میں ادویات کی قلت ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی انتظامیہ محض جلسوں کو کامیاب کرنے میں توانائیاں صرف کر رہی ہے، بد قسمتی ہے کہ ایک شخص کروڑوں روپے لگا کر جلسے کر رہا ہے، تحریک انصاف کے ایک جلسے پر 25سے 30کروڑ روپے خرچ ہو رہے ہیں۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اچھا ہوتا کہ پی ٹی آئی جلسوں پر خرچہ کرنے کی بجائے یہ رقم سیلاب متاثرین پر خرچ کرتی، ایک تہائی پاکستان سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے لہذا پی ٹی آئی کو اپنے جلسے بند کرنے چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔