لاہور میں سبزی، پھلوں اور گوشت کی قیمتیں کئی گنا بڑھ گئیں

 اتوار 11 ستمبر 2022
پھل بھی سرکاری قیمت سے 30 سے 40 فیصد زائد مہنگے داموں فروخت ہو رہے۔ فوٹو : فائل

پھل بھی سرکاری قیمت سے 30 سے 40 فیصد زائد مہنگے داموں فروخت ہو رہے۔ فوٹو : فائل

لاہور میں سبزی پھلوں اور گوشت کی قیمتیں غریب کی پہنچ سے دور ہوگئیں جبکہ ضلعی انتظامیہ گراں فروشی روکنے میں بھی ناکام نظر آ رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق دکاندار سرکاری قیمت سے کئی گنا زائد قیمت پر اشیاء فروخت کر رہے ہیں۔ سبزیوں میں آلو، ٹماٹر، ٹینڈے، شملہ مرچ اور ادرک کی قیمت کو پر لگ گئے۔

آلو درجہ اول 80 کے بجائے 150 روپے کلو، پیاز اول 62 روپے کے بجائے 130 سے 150 روپے کلو، ٹماٹر اول 162 روپے کے بجائے 250 روپے پاو، چائینا کا ادرک 350 کے بجائے 500 روپے کلو اور شملہ مرچ 350 کے بجائے 500 روپے کلو تک پہنچ گئی ہے۔

میتھی 280 کے بجائے 350روپے کلو، گوبھی 160 کے بجائے 220 روپے کلو، مٹر 260 کے بجائے 330 سے 350روپے روپے کلو، دیسی ٹینڈے 290 کے بجائے 400 روپے کلو اور سبز مرچ 165 کے بجائے 300 روپے کلو فروخت ہو رہے ہیں۔

پھل بھی سرکاری قیمت سے 30 سے 40 فیصد زائد مہنگے داموں فروخت ہو رہے ہیں۔

اسکے علاوہ مرغی کے گوشت کی قیمت 366 کے بجائے 380روپے کلو جبکہ بکرے کا گوشت 1050 کی بجائے 1800 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی اپنی جگہ لیکن گراں فروشی رک جائے تو ریلیف مل سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔