عمران خان کان کھول کر سن لیں الیکشن 2023 میں ہی ہوں گے، وزیراطلاعات

خالد محمود  اتوار 11 ستمبر 2022
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

 اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی ”کال” کے بیان کو گیدڑ بھبکی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب سیلاب کی وجہ سے لوگ پہلے سے ہی سڑکوں پر ہیں، آپ اندھے اور بہرے ہو چکے ہیں، الیکشن زبردستی، رونے، چیخنے اور پیٹنے سے نہیں بلکہ 2023ء میں ہوگا۔

عمران خان کی ’دھمکی آمیز بیان‘ پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ لگتا ہے کہ عمران خان کے کان نہیں کھلے، عمران خان کان کھول کر سن لیں الیکشن 2023ء میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب میں ڈوبے ہوئے ملک کی حالت دیکھیں مگر یہ سب عمران خان کو اس لیے نظر نہیں آتا کہ وہ اپنی زہریلی انا میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب لاڈلہ بن کر ”زور زبر دستی” کی آپ کو عادت ہو گئی ہے، عادت بدل لیں، وقت بدل چکا ہے۔ قانون کو ہاتھ میں لیا تو قانون حرکت میں آئے گا، پھر آپ چیخیں گے، روئیں گے اور پیٹیں گے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ مسئلہ صرف یہ ہے کہ عمران خان کا اصل چہرا عوام کے سامنے آ چکا ہے، عمران خان اور اہل وعیال کی لوٹ مار اور ڈاکے کی پوری حقیقت قانون کے سامنے آ چکی ہے، عوام کو عمران خان کے فارن ایجنٹ ہونے اور خیرات کے پیسے ذاتی خرچ کے لئے استعمال کرنے والے عمران خان کا پتہ چل چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب عوام سیلاب زدگان کی مدد کی کال پر ایک ہو چکی ہے، آپ کی فتنہ، فساد اور انتشار کی کال پر نہیں آئے گی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کا وطیرہ ہے کہ ’کبھی بھی کال دوں گا اور پھر بھاگ جائوں گا‘، سیلاب زدگان کی مدد کو نہیں جائوں گا، اقتدار کے لئے شر، فتنہ اور فساد پھیلائوں گا، پاکستان کے مفادات، عوام کی زندگی اور ہر ادارے کو اپنی زہریلی انا کی بھینٹ چڑھا دوں گا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ حقیقی آزادی کی تحریک چلانے والا امریکا میں سی آئی اے کے سابق چیف کے ذریعے اپنے حق میں تحریک  چلوا رہا ہے، اربوں روپے فتنہ اور انتشار پر خرچ کرنے والوں کی باتیں ایسی ہی ہوتی ہیں، شہدا کے خلاف گھٹیا مہم چلانے والوں کو عوام مسترد کر چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کہ الیکشن کمیشن کی تضحیک، عدالتوں کو دھمکی لگانے والے کی کال پر عوام نہیں آتی، شہدا کے خلاف مہم چلانے، ملک کو سری لنکا بنانے کی سازش کرنے والے کی کال عوام نہیں سنتی، عمران خان سیلاب زدگان پر چار آنے لگانے کو تیار نہیں جبکہ ذاتی تشہیر کے لئے جلسوں پر کروڑوں روپے خرچ کر رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔