سندھ ہائی کورٹ نے عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کی درخواستیں مسترد کردیں

ویب ڈیسک  پير 12 ستمبر 2022
عامر لیاقت اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے(فائل فوٹو)

عامر لیاقت اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے(فائل فوٹو)

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے معروف اینکر پرسن عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم سے متعلق تمام درخواستیں مسترد کردیں۔

آج سندھ ہائیکورٹ میں معروف اینکر پرسن عامر لیاقت حسین مرحوم کا پوسٹ مارٹم کرانے سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

عامر لیاقت کی سابق اہلیہ دانیہ شاہ کی جانب سے بھی درخواست  دی گئی تھی کیونکہ  دانیہ شاہ نے عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم کرانے کی حمایت کی تھی۔

عدالت نے عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم سے متعلق تمام درخواستیں مسترد کرتے ہوئے  ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی کا فیصلہ برقرار رکھا۔

ورثا کے وکیل ضیا اعوان ایڈوکیٹ نے موقف اپنایا کہ درخواست گزار کے پاس کوئی شواہد نہیں ہیں جبکہ درخواست گزار ایک سیاسی جماعت کے کارکن ہیں۔

دائر درخواست میں ایڈوکیٹ عبد الاحد نے موقف دیا تھا کہ سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے موجود ہیں،  تاہم سیشن عدالت نے پوسٹ مارٹم کروانے سے متعلق درخواست مسترد کردی تھی۔ جوڈیشنل مجسٹریٹ نے عامر لیاقت حسین کا پوسٹ مارٹم کرنے کا حکم دیا تھا جبکہ ایس ایچ او نے بھی  پوسٹ مارٹم کرانے کی سفارش کی تھی۔

انہوں نے  درخواست میں کہا کہ پولیس بھی چاہتی ہے کہ عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم ہو، فی الحال کوئی مقدمہ درج نہیں ہوسکا۔ عامر لیاقت حسین کے انتقال پر شکوک پیدا ہوچکے ہیں جبکہ  میڈیکل رپورٹ کے مطابق انتقال کی وجہ بھی سامنے نہیں آئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔