کرنٹ لگنے سے شہری جاں بحق؛ کے الیکٹرک نے ذمہ داری شہری انتظامیہ پر ڈال دی

ویب ڈیسک  پير 12 ستمبر 2022
فوٹو: ایکسپریس

فوٹو: ایکسپریس

 کراچی: ملیر سعود آباد میں کرنٹ لگنے سے شہری کی ہلاکت کی ذمہ داری کے الیکٹرک نے شہری انتظامیہ پر ڈال دی ہے۔ 

سعود آباد کے علاقے کالا بورڈ فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کے قریب کرنٹ لگنے کے واقعہ میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں  نے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی۔

سعود آباد پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 37 سالہ منیر کے نام سے کی گئی اس حوالے سے پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

دوسری جانب کرنٹ لگنے کے واقعہ کی موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں سڑک کے دونوں ٹریک پر بارش کا پانی جمع ہے اور سڑک کے درمیان میں بجلی کا ایک پول دکھائی دے رہا ہے جس کے قریب ایک شخص پانی میں گرا ہوا ہے۔

ویڈیو میں  علاقہ مکین لاٹھی کی مدد سے کرنٹ لگنے والے شخص کو پول سے الگ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس دوران شہریوں کو بھی کرنٹ لگتا ہے اور گھبرا کر وہاں سے ہٹ جاتے ہیں۔

موقع پر موجود افراد کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعہ بظاہر بجلی کے پول سے کرنٹ  لگنے کا لگ رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔