سیلاب: ڈوبا کوئی…فائدہ کوئی اور لے گیا!

علی احمد ڈھلوں  منگل 13 ستمبر 2022
ali.dhillon@ymail.com

[email protected]

تازہ ترین صورتحال کے مطابق اس وقت وزیراعظم فلڈ ریلیف فنڈ اور چیف منسٹر فلڈ ریلیف فنڈ میں چند کروڑ روپے جمع ہوئے ہیں، لوگ اپنے تئیں کوشش کر رہے ہیں کہ سرکاری اداروں کو امدادی سامان فراہم کرنے کے بجائے ذاتی طور پر متاثرین تک امداد پہنچانے کی کوشش کریں۔اور اُس میں بھی وہ گرمجوشی دکھائی نہیں دے رہی جو پہلے اس قسم کے سانحات میں نظر آتی تھی۔

لہٰذاآپ فی الوقت یوں کہہ لیں کہ سیلاب زدگان کی بحالی کے حوالے سے سرگرمیاں ماند پڑنے لگی ہیں، ہماری ذہنوں سے یہ سانحہ بھی آہستہ آہستہ کھسک رہا ہے، بالکل اسی طرح جس طرح زلزلہ زدگان کو اور اس کے بعد آنے والے سیلاب زدگان کو ہم نے بھلا دیا تھا۔ ایسا شاید اس لیے بھی ہے کہ جب تک کسی واقعہ کی بازگشت میڈیا پر رہتی ہے، سب کچھ ٹھیک چلتا ہے، جیسے ہی میڈیا کی توجہ کسی دوسرے سانحہ، واقعے یا کسی سرگرمی کی طرف مبذول ہوتی ہیں سب کچھ بدل جاتا ہے۔

لیکن اس کے برعکس حالات بہت خراب ہیں، NDMAکی رپورٹ کے مطابق 25سو ارب روپے کا نقصان ہوا ہے، اور حکومت صرف 4سو ارب روپے اکٹھا کر سکی ہے، اس میں سے بھی ابھی تک وفاقی حکومت نے محض 70ارب روپے کے فنڈز ریلیز کیے ہیں، لیکن شاید حکومت کو نظر نہیں آرہا کہ ابھی بھی پاکستان کا کم و بیش ایک تہائی حصہ پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔

ساڑھے تین کروڑ افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ سیکڑوں اللہ کو پیارے ہو چکے اور ان سے کئی گنا زخمی ہو گئے۔ لاکھوں گھر مسمار ہو چکے، سڑکیں تباہ ہو چکیں، رابطے ٹوٹ چکے، بحالی اور آباد کاری تو دور کی بات ہے ابھی تک ریلیف کا سامان بھی تمام متاثرین تک نہیں پہنچ سکا۔ اقوام متحدہ کے 70سالہ سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس ہزاروں میل کا سفر طے کرکے بنفس نفیس پاکستان پہنچے، تو جو کچھ ان کی آنکھوں نے دیکھا اور کانوں نے سنا اس پر بے ساختہ پکارے، گلوبل وارمنگ میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد بھی نہیں ہے لیکن عالمی طاقتوں کے کیے کی سزا اسے مل رہی ہے۔ دنیا کو اس کی حمایت کے لیے کھڑا ہو جانا چاہیے، ان کے لہجے اور الفاظ نے اہلِ پاکستان کا حوصلہ بڑھایا ہے۔ ہر ہر پاکستانی اُن کا شکر گزار ہے۔

وہ پرتگالی سیاست دان ہیں، پیشے کے اعتبار سے انجینئر، پرتگال کے وزیراعظم کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، ان کی عمر نفرتوں اور کدورتوں کو ختم کرتے اور محبت کا پیغام عام کرتے گزری ہے۔ اس پرتگیزی سیاستدان کا دل پاکستان کے بارش اور سیلاب زدگان کے درد سے بھر گیا، لیکن پاکستانی سیاستدانوں کو داد دیجیے کہ یہ بار بار اعلان کر رہے ہیں،کہ اُن کے سینے میں دل کی جگہ پتھر ہے۔یعنی اس وقت ان کی کارکردگی یہ ہے کہ ایسی آفات کے لیے مضبوط حکمت عملی یا کوئی ادارہ تو دور کی بات، وقتی چیزوں کو Manageکرنے سے بھی قاصر نظر آرہے ہیں۔

نہیں یقین! تو آؤ چلتے ہیں، ان علاقوں کا وزٹ کرتے ہیں آپ کو خود اندازہ ہو جائے گا کہ حالات کیا ہیں؟ یقین مانیں ان علاقوں میں جہاں تک شاہراہیں جا رہی ہیں وہاں وہاں عارضی بستیاں قائم ہیں، امداد کے لیے کوئی بھی گاڑی یا ٹرک جاتا ہے ، یا تو اُسے راستے میں ہی لوٹ لیا جاتا ہے یا یہ غلط ہاتھوں میں چلا جاتا ہے۔ ہم نے ایسے مناظر بھی دیکھے کہ امداد سے بھرے ایک ٹرک کے اوپر 20، 30افراد چڑھ گئے اور ڈرائیور ٹرک کو بھگا کر تھانے کے اندر لے گیا۔ اب یہاں تھانے والے بھی کیا کرتے۔ ٹرک لوٹنے کا منظر اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھتے رہے۔

پھر کئی جگہوں پر بستی کے قریب امدادی ٹرک جیسے ہی پہنچا، دوسری جانب کھڑی ایک گاڑی میں سے چند افراد نکلے ٹرک کی طرف لپکے اور آدھے سے زیادہ سامان کو اپنی گاڑی میں بھرا اور رفو چکر ہوگئے۔ نہ کہیں کوئی انتظامیہ نظر آرہی ہے اور نہ ہی کہیں کوئی سیاسی رہنما! حالات تو یہاں تک پہنچ رہے ہیں کہ سندھ کے ایم این ایز کے آپس میں جھگڑے شروع ہو چکے ہیں کہ فنڈز کی تقسیم کون کرے گا، کون اکٹھا کرے گا؟ یا فنڈز اُن کے علاقے میں آنے چاہیے وغیرہ۔ الغرض ان سیاستدانوں کی چاندی ہوچکی ہے، انھیں ڈوبے ہوئے افراد نہیں بلکہ گرانٹس نظر آرہی ہیں، انھیں اربوں روپے کے فنڈز نظر آرہے ہیں، جن کا نہ تو کوئی آڈٹ ہوگا اور نہ ہی کوئی پوچھے گا کہ پیسہ کہاں لگایا گیا ہے، کہاں لگنا تھا اور باقی پیسہ کدھر گیا۔ یہاں پھر ہم یہ تو کہنے میں حق بجانب ہیں کہ’’ ڈوبا کوئی ہے اور فائدہ کسی اور کا ہو گیا ہے۔‘‘

قارئین! یہ وہی کچھ ہو رہا ہے جس کا بار بار خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا۔ اس کا ذکر میں بار بار اپنے کالموں میں بھی کر رہا تھا۔ امداد کا کہیں کوئی آڈٹ نہیں ہورہا، کہیں سے ہمیں صحیح اعداد وشمار نہیں مل رہے کہ کتنی امداد آچکی ہے اور کہاں خرچ کی جا چکی ہے۔اور پھر ابھی تو بیرون ملک سے آنے والی امداد کا بھی کچھ علم نہیں ہے کہ کتنی موصول ہوئی ہے،اس لیے یہاں نیب ابھی واچ ڈاگ کا کام کر رہا ہے، جب پانی سر سے گزر جائے گا، یہ ادارہ بھی فوراً اس ’’کارخیر‘‘ میں کود پڑے گا۔

یعنی سیاستدان وہ تصویر ہی پیش نہیں کر پائے جو انھیں پاکستان کی کرنی چاہیے تھی۔ میرے خیال میں اگر اس سیلاب سے کسی وڈیرے کا محل ڈوبتا، کسی زمیندار کی حویلی ڈوبتی، کسی سیاستدان کا ڈیرہ ڈوبتا یا کسی جاگیردار کی جاگیر ڈوبتی تو اور بات تھی مگر اس سیلاب سے محض غریب کے کچے گھر بہہ گئے، جانور بہہ گئے اور تو انسان بھی بہہ گئے۔ مگر مجال ہے حکومتوں کو کہ اس حوالے سے بحالی کا کوئی ٹھوس منصوبہ بنایا گیا ہو۔ کوئی سیاستدان ان کی بحالی کے لیے سنجیدہ ہو، بلکہ ہمیں تو عمران خان سے بھی شکوہ ہے کہ وہ محض چند گھنٹے ہی سیلاب زدگان کو دے سکے۔

حالانکہ اس سے پہلے ہمیں یاد ہے کہ آج سے 12 برس قبل بھی پاکستانیوں نے ایک سیلاب بھگتا تھا۔ تب سیلاب زدگان کی مدد کے لیے دنیا بھر سے چندہ اکٹھا کرنے کے لیے عمران خان بھی متحرک تھے۔ وہ خود کئی کئی روز جاگ کر امدادی مہم کو مانیٹر کرتے تھے۔

اگر عمران خان اس دفعہ بھی سیلاب زدگان کی مدد کو نکلیں تو بیرون ملک مقیم پوری کمیونٹی لبیک کہے گی۔لہٰذا خدا کے لیے باقی تمام قومی رہنما بھی ان سیلاب زدگان کے معاملے میں سنجیدہ ہوں، آگے سردیاں آنے والی ہیں، بلکہ ستمبر کے مہینے میں رات میں خنکی بڑھ جاتی ہے، اس لیے اُن کے بارے میں ضرور سوچیں جو کھلے آسمان تلے زندگی گزار رہے ہیں، پھر اسی ماہ کے آخر تک ڈنگی بھی حملہ کرنے والا ہے۔ جس سے ہزاروں ہلاکتیں متوقع ہوتی ہیں مگر کوئی سدباب نہیں ہوتا۔ لہٰذاگزارش ہے کہ محض چند دن کے لیے کرپٹ مائنڈسیٹ کو ایک طرف رکھ کر ان کے لیے ریلیف کا کام کرلیں ورنہ بہت دیر ہو جائے گی!

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔