صفورہ چورنگی کے قریب میاں بیوی کا لرزہ خیز قتل، میتیں تدفین کیلیے ٹانک روانہ

ویب ڈیسک  منگل 13 ستمبر 2022
قتل کا مقدمہ بیٹے کی مدعیت میں سچل تھانے میں درج کرلیا گیا ، فوٹو: فائل

قتل کا مقدمہ بیٹے کی مدعیت میں سچل تھانے میں درج کرلیا گیا ، فوٹو: فائل

 کراچی: صفورا چورنگی کے قریب مکان میں میاں بیوی کو تیز دھار آلہ سے قتل کا مقدمہ بیٹے کی مدعیت میں سچل تھانے میں درج کرلیا گیا جبکہ مقتولین کی میتیں تدفین کے لیے آبائی علاقے ٹانک روانہ کردی گئی ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پیر کو سچل تھانے کےعلاقے اسکیم 33 صفورا چورنگی عارف آرکیڈ کے قریب واقع زہرا نگر کے مکان سے 65 سالہ ظہور احمد اور ان کی اہلیہ 55 سالہ نگہت کی گلا کٹی لاشیں ملی تھی۔

سچل پولیس نے میاں بیوی کے دہرے قتل کا مقدمہ الزام نمبر 2022/1465 بجرم دفعہ 34/302 کے تحت واردات کے وقت گھر میں موجود بیٹے مصطفیٰ کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر لیا ہے۔

ایف آئی آر  کے مطابق مقتولین کے بیٹے مصطفیٰ نے قتل کی واردات سے مکمل لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ رات کو گھر آکر سوگیا تھا اور اسے صبح کے وقت حادثے کا علم ہوا۔

یہ پڑھیں : صفورہ چورنگی میں گھر سے میاں بیوی کی گلہ کٹی لاشیں برآمد

ڈی ایس پی سچل جاوید فاروقی نے ایکسپریس کو بتایا کہ واردات کے بعد پولیس نے کرائم سین یونٹ کو موقع پر طلب کرلیا تھا اور جائے واردات سے آلہ قتل،فنگر پرنٹس، خون کے نمونے، خون آلود کپڑے اور دیگر شواہد اکٹھا کرکے تجزیے کے لیے فارنزک لیبارٹری اور کیمکل ایگزامنر کو بجھوا دیئے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ پولیس نے موبائل فونز ڈیٹا اور جائے واردات کی جیو فینسنگ بھی کرائی ہے جبکہ پولیس کو شبہ ہے کہ گھر میں کوئی باہر سے داخل نہیں ہوا کیونکہ گھر کا دروازہ اندرسے بند تھا اور گھرمیں گرل بھی لگی ہوئی ہے۔

ڈی ایس پی کے مطابق پولیس نے دو گھروں میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی طویل ریکارڈنگ بھی حاصل کرلی ہے جس کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقتول کے اہل خانہ تدفین کے لیے میتیں لے کر آبائی علاقے کے پی کے ٹانک روانہ ہو گئے اور واپسی پر مزید تفتیش کی جائے گی اور دہرے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔