افغان سرزمین سے پاک فوج کی چوکی پر فائرنگ، تین جوان شہید

ویب ڈیسک  منگل 13 ستمبر 2022
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

 راولپنڈی: افغانستان سے دہشت گردوں کی ضلع کرم کے علاقے خرلاچی میں پاک فوج کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فائرنگ سے پاک فوج کے تین جوان شہید ہوئے جبکہ پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی سے دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

فائرنگ سے 32 سالہ نائیک محمد رحمان شہید ہوئے جن کا تعلق کرک سے ہے جبکہ شہید نائیک معاویز خان کی عمر 34 سال اور وہ جمرود، خیبرکے رہائشی تھے، فائرنگ میں شہید ہونے والے تیسرے سپاہی عرفان اللہ کی عمر 27 برس اور تعلق مالاکنڈ کے علاقے درگئی سے تھا۔

مزید پڑھیے: سوات میں ریموٹ کنٹرول دھماکا، امن کمیٹی کے رکن سمیت پانچ افراد جاں بحق

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتا ہے، توقع ہے افغان حکومت مستقبل میں ایسی کسی بھی سرگرمی کی اجازت نہیں دے گی۔

ترجمان کے مطابق پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خلاف پاکستان کی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔