کراچی پریس کلب کے تعاون سے دو روزہ اسکاؤٹ کیمپ کا انعقاد

ویب ڈیسک  بدھ 14 ستمبر 2022
بچے دوروز تک خیموں میں رہے اور اس دوران بچوں نے عملی زندگی کے مراحل کا مشاہدہ بھی کیا

بچے دوروز تک خیموں میں رہے اور اس دوران بچوں نے عملی زندگی کے مراحل کا مشاہدہ بھی کیا

کراچی پریس کلب اور سندھ بوائے اسکاوٹس ایسوسی ایشن کے تعاون سے اراکین کراچی پریس کلب کے بچوں کے لیے دو روزہ اسکاؤٹ کیمپ کا انعقاد گلستان اسکاؤٹ ٹریننگ سینٹر گلشن اقبال میں کیا گیا۔

اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری محمد رضوان بھٹی، جوائنٹ سیکرٹری محمد اسلم خان،ممبر گورننگ باڈی خلیل احمد ناصر، سیداطہر حسین،منیر عقیل انصاری،نذیر احمد عباسی،عادل احمد،محمد عاصم بھٹی، سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے پیٹرن،کراچی اوپن ڈسٹرکٹ کے اسکاؤٹ کمشنر اور جامعہ کراچی کے ڈین فیکلٹی آف لاء جسٹس ریٹائرڈ حسن فیروز،سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری سید اختر میر، صوبائی خازن محمد حسین مرزا،ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن فرقان احمد یوسفی، قا ضی ناصر، گلستان اسکاؤٹ ٹریننگ سینٹر میں بچوں کو دو روزہ تر بیت دینے والے تربیتی اراکین (اسکاؤٹ لیڈرز ٹرینر) آصف محموداحمد مرزا،عالم صائم،مرزا شبیر مقصودی،عظمی وقار،نصرت فاطمہ،ناصر جمال،مصیب بیگ،سعید احمد اور جامعہ کراچی اسکاؤٹس لیڈر و ریسکیو اسپیشلسٹ انسٹر کٹر حمزہ مبین سمیت صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

کراچی پریس کلب اور سندھ بوائے اسکاؤٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب کے اراکین کے بچوں کیلئے دوروزہ اسکاؤٹ کیمپ کا ہفتہ کی صبح آغاز کیا گیا، بچے دوروز تک خیموں میں رہے اور اس دوران بچوں نے عملی زندگی کے مراحل کا مشاہدہ بھی کیا، تربیت کے دوران بچوں کو معاشرے کا بہترین فرد بنانے کے لیے ان کی کردار سازی کے مختلف اْمور سے روشناس کرایاگیا۔

کیمپ میں شرکت کے لئے بچے ہفتہ کی صبح اور بچیاں اتوار کی صبح بڑے جوش وخروش کے ساتھ گلستان اسکاؤٹ پہنچے۔جہاں پر سینئر اسکاؤٹ لیڈر ز نے بچوں کو تربیت فراہم کی ہیں۔اس طرح کی تربیت بچوں کی ذہنی، جسمانی نشوونما کے لئے کارآمد ہوتی ہے۔دو روزہ اسکاؤٹ کیمپ میں 100 سے زاید بچو ں، جس میں 65طلبہ اور37طالبات نے شرکت کی۔

طلباء کو اسکاؤٹس کی بنیادی تربیت کے ساتھ بون فائر، کمانڈو ریس‘ ایمرجنسی ریسپانس‘ مسینجر آف پیس، ایڈوینچر ٹریل سمیت دیگر غیر نصابی سرگرمیاں کرائی گئیں۔ دو روزہ اسکاؤٹ کیمپ میں شریک طلباء کا کہنا تھا کہ یہاں آ کر ہمیں بہت مزہ آیا ہے اور بہت سی چیزیں سیکھنے کو ملیں ہیں،بچوں نے اس طرح کے مزید اسکاؤٹنگ کو جاری رکھنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

دو روزہ اسکاؤٹ کیمپ کے پہلے روز افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری سید اختر میر نے کہا کہ اسکاؤٹ کیمپ کا مقصد بچوں میں چھپی صلاحتیوں کو سامنے لانا ہے۔اسکاؤٹنگ بچوں میں نظم و ضبط، وقت کی پابندی اور اصولوں کی پاسداری پیدا کرتی ہے جبکہ اس سے بچوں کو منفی سرگرمیوں سے بھی محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔اسکاؤٹنگ کا مقصد نوجوانوں کی جسمانی، ذہنی اور روحانی صلاحیتوں کو اجاگر کرکے مقامی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر انہیں معاشرے کی بہتری کے لیے استعمال کرنا ہے۔

سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے پیٹرن اورکراچی اوپن ڈسٹرکٹ کے اسکاؤٹ کمشنر جسٹس ریٹائرڈ حسن فیروز اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے کراچی پریس کلب کے اراکین بچوں کے لیے دو روزہ اسکاؤٹ کیمپ کے کامیاب انعقاد پرکراچی پریس کلب اور سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے اسکاؤٹ لیڈرز کو سراہا،اور کیمپ کو کامیاب بنانے میں مدد کرنے والے تمام شراکت داروں اور دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی نے سندھ بوائے اسکاوٹس ایسوسی ایشن کی انتظامیہ اسکاؤٹس لیڈرز کا شکریہ ادا کیا۔

سیکرٹری محمد رضوان بھٹی نے سندھ بوائے اسکاوٹس ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ میں سندھ بوائے اسکاوٹس ایسوسی ایشن کے تما م اراکین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

دو روزہ اسکاؤٹ کیمپ میں تربیت دینے والے سینئر اسکاؤٹس لیڈر ز کو ان کی خدمت کے اعتراف میں انھیں سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا،اسی طرح کیمپ میں قابل ستائش خدمات انجام دینے والے اور تربیت حاصل کرنے والے بچوں کو اسناد دیے گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔