شہریوں کی شکایت درج کرنے والے محکمہ پولیس کیخلاف شکایتوں کا انبار لگ گیا

ویب ڈیسک  بدھ 14 ستمبر 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 لاہور: جرائم پیشہ افراد کے خلاف شکایات درج کرنے والے محکمہ پولیس کے خلاف شہریوں نے شکایتوں کا انبار لگا دیا، آئی جی پنجاب کا شکایت سیل اپنے ہی محکمے کے خلاف شکایات سے بھر گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس فیصل شاہکار کے شکایت سیل میں رواں سال میں کرپشن، اختیارات سے تجاوز، ایف ائی ار کا عدم اندراج، رشوت خوری سمیت 95 ہزار شکایات موصول ہوئیں۔

اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ لاہور پولیس کے خلاف سب سے زیادہ 18 ہزار 7 سو شکایات موصول ہوئیں، دوسرے نمبر پر گجرانوالہ پولیس رہی جس کے خلاف شہریوں نے 12 ہزار 9 سو درخواستیں بھیجیں جب کہ تیسرے نمبر پر فیصل آباد پولیس کے خلاف آئی جی پنجاب کو 12 ہزار 7 سو شکایات موصول ہوئیں۔

آئی جی کمپلینٹ سیل میں ایف ائی ارکے عدم اندراج کی 51 ہزار 1 سو اکاسی شکایات درج کروائی گئیں جب کہ ناقص تفتیش کی 21 ہزار9 سو درخواستیں موصول ہوئیں۔

اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب پولیس کے خلاف رشوت خوری اور کرپشن کی 13 ہزار 1 سو شکایات موصول ہوئیں، اسی طرح ناقص پولیس سروسز 43 سو اور دیگر 37 سو شکایات جب کہ آئی جی افس کی ہدایات کے باوجود 12 ہزار سے زائد شکایات ابھی تک زیر التوا ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔