چین جانیوالے پاکستانی طلبہ مہنگے ٹکٹ سے پریشان، پی آئی اے نے کرایہ کم کردیا

ویب ڈیسک  بدھ 14 ستمبر 2022
قومی ائرلائن نے سامان کے وزن کی حد بھی 40سے بڑھا کر80کلو کر دی  ہے (فوٹو فائل)

قومی ائرلائن نے سامان کے وزن کی حد بھی 40سے بڑھا کر80کلو کر دی ہے (فوٹو فائل)

 اسلام آباد: چین میں کورونا پابندیوں کی وجہ سے فضائی کمپنیوں کی جانب سے کرایوں میں غیر معمولی اضافوں کے بعد پاکستانی طلبہ کو روانگی میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم قومی ائرلائن نے طلبہ کی سہولت کے لیے کرایوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چین جانے والے پاکستانی طلبہ کے لیے پی آئی اے نے بڑا اعلان کیا ہے، جس کے تحت طلبہ کو ٹکٹوں پر 15 فی صد رعایت دی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ طلبہ کے علاوہ  چین جانے والے مسافروں کو بھی ٹکٹوں  پر10فیصد رعایت حاصل ہوگی۔

علاوہ ازیں قومی ائرلائن کی جانب سے پاکستانی طلبہ کے لیے سامان کے وزن کی حد بھی 40سے بڑھا کر80کلو کر دی  گئی ہے۔ چینی شہر شایان کا کرایہ 5 لاکھ 19 ہزار جب کہ شندو کا کرایہ 5 لاکھ 8 ہزار روپے ہے ۔ پی آئی اے کی جانب سے رعایت کے اعلان سے  پاکستانی طلبہ کو ٹکٹوں  پر76سے 78ہز ار روپے کا ڈسکاونٹ ملے گا جب کہ  چین جانے والے مسافروں کو بھی50 ہزار تک رعایت ملے گی۔

واضح رہے کہ چین میں کورونا پابندیوں کی وجہ سے ائرلائنز کی جانب سے خصوصی پروازیں چلائی جا رہی ہیں، جن کے کرائے غیر معمولی طور پر زیادہ ہیں۔ ٹکٹ مہنگا ہونے کے باعث کئی طلبہ چین جانے سے قاصر ہیں، جس کے نتیجے میں ان کی اعلیٰ تعلیم متاثر ہونے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔