ڈینگی ٹیسٹ کی فیس 1800 روپے مقرر
سرکاری اور پرائیویٹ اسپتالوں میں علیحدہ وارڈز اور بیڈز مختص ہیں، جہاں پر 821 مریض زیر علاج ہیں، بریفنگ
وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے ڈینگی تشخیص کے ٹیسٹ کی فیس 1800 روپے مقرر کردی ہے۔
ایکپسریس نیوز کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی زیر صدارت ڈینگی کی صورت حال کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں متعلقہ اداروں نے ڈینگی کے حوالے سے موجودہ صورتحال اور کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔
شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ ڈینگی بچاؤ کے لئے دیگر سہولیات کے ساتھ ٹیسٹ میں رعایت کر دی گئی ہے، اسلام آباد ہیلتھ کئیرریگولیٹری اتھارٹی نے قیمت 1800 روپے مقرر کر دی۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری اور پرائیویٹ اسپتالوں میں علیحدہ وارڈز اور بیڈز مختص ہیں، جہاں پر 821 مریض زیر علاج ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنرز نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ روز مختلف علاقوں میں 50جگہوں کو چیک کیا گیا اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر دوافراد کے خلاف ایف آئی آر کی گئی۔
ڈینگی کے پھیلاو میں اضافہ
ضلعی ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر زعیم ضیا نے بتایا کہ اسلام آباد میں مزید 128 افراد ڈینگی کا شکار ہو گئے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دیہی علاقوں میں 75 افراد جبکہ شہری علاقوں میں 53 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے ۔
اُن کے مطابق اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں ڈینگی کے شکار مریضوں کی مجموعی تعداد 553 ہو گئی جبکہ شہری علاقوں میں ڈینگی کے شکار مریضوں کی مجموعی تعداد 318 ہو گئی۔ رواں سیزن میں 871 ڈینگی کے کیسسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے چار افراد دوران علاج جان کی بازی ہار چکے ہیں۔