جیکی شروف کی کامیابی پر خود کوغیر محفوظ محسوس کرتا تھا، انیل کپور

ویب ڈیسک  جمعرات 15 ستمبر 2022
انیل کپور  اور جیکی شروف نے  رام لکھن ، تری مورتی  جیسی مشہور فلموں میں ایک ساتھ کام کیا(فائل فوٹو)

انیل کپور اور جیکی شروف نے رام لکھن ، تری مورتی جیسی مشہور فلموں میں ایک ساتھ کام کیا(فائل فوٹو)

ممبئی: بالی ووڈ کے سپر اسٹار انیل کپور نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنے کیرئیر کے آغاز میں خود کو جیکی شروف سے غیر محفوظ محسوس کرتے تھے۔

کئی دہائیوں تک بالی ووڈ پر راج کرنے والے انیل کپور اور ورون دھون گزشتہ روز  کرن جوہر کے ٹاک شو ’کافی ود کرن 7‘ میں نظر آئے جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی اورفلمی کیر یئر کے حوالے سے کئی انکشافات کئے۔

شو کے دوران کرن  جوہر نے انیل  کپور سے انڈسٹری میں اقربا پروری کے حوالے سے ان کے خیالات کے بارے میں سوال کیا۔

جس پر انیل کپور نے کہا کہ وہ ایسے تبصروں کو نظر انداز کرتے ہیں اور اپنے کام پر توجہ دیتے ہیں تاہم انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ اپنے دور میں جیکی شروف سے خود کو غیر محفوظ محسوس کرتےتھے جو کہ ایک بیرونی شخص تھے اور ان کا انڈسٹری سے کوئی تعلق نہیں تھا‘۔

 

انیل کپو ر نے کہا کہ ’’جیکی کو سبھاش گھئی نے لانچ کیا تھا اور وہ تقریباً فوری طور پر اے لسٹر اسٹار بن گئے تھے۔ میں سنی دیول، سنجے دت کو دیکھتا تھا اور سوچتا تھا کہ میں ساؤتھ میں کام کر رہا ہوں اور چھوٹا سا رول کر رہا ہوں جبکہ ایک شوبز سے غیر متعلقہ شخص ہونے کے باوجود سبھاش گھئی نے جیکی کو لانچ کیا ہے اور وہ بڑے کردار کر رہا ہے‘‘۔

انیل کپور نے کہا کہ ’’جیکی ہمیشہ بہت نرم دل اور اچھے انسان تھے لوگ اس کے آٹوگراف لینے آتے تھے اور وہ مجھے  آٹوگراف ڈائری تھما دیتے تھے کہ  یہ تمہارے لئے ہے‘‘۔


انیل کپور نے انکشاف کیا کہ’’میں خود کو ہمیشہ جیکی سے غیر محفوظ محسوس کرتا تھا مگر وہ مجھے  لوگوں کو آٹوگراف دینے پر مجبور کرتا تھا  جبکہ وہ جانتا تھا کہ لوگ میرا آٹو گراف لینے نہیں بلکہ اس کیلئے آئے ہیں‘‘۔

یاد رہے کہ ایور گرین اسٹار انیل کپور اور جیکی شروف نے رام لکھن، تری مورتی  جیسی مشہور فلموں میں ایک ساتھ کام کیا جبکہ وہ جلد ہی فل’م نو انٹری‘ کے سیکوئل ’نو انٹری میں انٹری‘ میں ایک  مرتبہ پھر ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔