رحیم یار خان میں کچے کے دوخطرناک ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک

ویب ڈیسک  جمعرات 15 ستمبر 2022
پولیس نے ہندو شہری کے اغواء کی کوشش ناکام بنادی

پولیس نے ہندو شہری کے اغواء کی کوشش ناکام بنادی

رحیم یار خان: پولیس نے ہندو شہری کے اغواء کی کوشش ناکام بناکر کچے کے دوخطرناک ڈاکوؤں کو مقابلے میں ہلاک کردیا۔

ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت لالا عرف بابا عرف احمد دشتی اور بھوری شر کے نام سے ہوئی۔ ان کا تعلق اندھڑ گینک سے تھا۔

ترجمان پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو چوک ماہی میں 9 افراد کے قتل، اغواء برائے تاوان کی متعدد وارداتوں اور پولیس پر فائرنگ میں ملوث تھے۔ ہلاک شدگان ہیڈ کانسٹیبل ممتاز بلا کی شہادت کی واردات میں بھی ملوث تھے۔

تھانہ احمد پور لمہ کی حدود چوک چدھڑ سے اندھڑ گینگ کے سات آٹھ مسلح ڈاکوؤں نے ایک ہندو کو اغواء کیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے بھاری نفری اور ایلیٹ فورس کے ہمراہ اغواء کاروں کا تعاقب کیا۔
پولیس کی بھاری نفری نے تعاقب کرتے ہوئے موٹر وے ایم فائیو کے قریب تھانہ بھونگ کی حدود میں ڈاکوؤں کا گھیراؤ کر لیا جہاں ان سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ڈاکوؤں نے مغوی کو چھوڑ کے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔

پولیس کی جوابی فائرنگ سے دو ڈاکو ہلاک ہوگئے اور ان کے دیگر ساتھی پسپا ہو کر فرار ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔