ایم کیو ایم کی عدم دلچسپی کے باعث لاپتہ کارکنوں کی بازیابی کی درخواستیں مسترد

کورٹ رپورٹر  جمعرات 15 ستمبر 2022
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

 کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے ایم کیو ایم اور ان کے وکلا کی عدم دلچسپی کے باعث لاپتہ کارکنوں کی درخواستیں مسترد کردیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں ایم کیو ایم کارکنوں سمیت 13 لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران جج نے ایم کیو ایم اور وکلاء کی عدم دلچسپی کے باعث لاپتہ کارکنوں کی درخواستیں مسترد کردیں۔

ایم کیو ایم کے وکلا نے گمشدہ افراد  کی بازیابی سے متعلق کیسز کی پیروی چھوڑ دی، جس کے باعث عدالت نے درخواستیں مسترد کردیں۔

ایم کیو ایم کارکنوں سمیت 13 شہری کافی عرصے سے لاپتہ ہیں۔ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے طویل عرصے سے درخواستیں سندھ ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہیں، لاپتہ افراد میں سلمان، خالد، وقار، یاسین اور دیگر شامل ہیں۔

عدالت نے دیگر لاپتہ افراد کی درخواستوں پر پولیس، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رپورٹ طلب کرلی، اور سیکیورٹی اداروں کو لاپتہ افراد کی بازیابی کےلیے سنجیدگی سے اقدامات کرنے کا حکم دےدیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔