عمرہ ادائیگی کے بہانے سعودی عرب آئس منتقل کرنے کی کوشش کرنے والا ملزم گرفتار

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 15 ستمبر 2022
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 پشاور: محکمہ ایکسائز نے عمرہ ادائیگی کے بہانے جسم کے اندر نشہ آور کیپسول چھپا کر سعودی عرب منتقل کرنے کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ ایکسائز پشاور ریجن نے جسم کے اندر آئس بھرے کیپسول چھپا کر بیرون ملک سمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی اور بین الاقوامی منشیات کے نیٹ ورک کے کارندے کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

ایکسائز ذرائع کے مطابق عازم کی تلاشی کے دوران جسم میں 57 آئس بھرے کیپسول کی نشاندہی ہوئی، جس پر مزید کارروائی کر کے انہیں باہر نکالا گیا۔

ذرائع کے مطابق ملزم پہلے بھی 7 بار سعودی عرب منشیات سمگل کر چکا ہے، وہ اسلام آباد ایئرپورٹ سے بذریعہ فلائٹ اپنی والدہ، بیوی اور تین بچوں کے ہمراہ عمرہ ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہورہا تھا کہ اُسے پشاور میں راستے سے گرفتار کیا گیا۔

ملزم گرفتاری کے وقت اہل خانہ کے ہمراہ احرام کی حالت میں تھا اور ایئرپورٹ جارہا تھا۔ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ملزم کا تعلق ضلع چارسدہ سے ہے، جس کے خلاف مقدمہ درج مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔