اسرائیلی طیاروں کی دمشق ایئرپورٹ پر بمباری؛ 5 ہلاک

ویب ڈیسک  ہفتہ 17 ستمبر 2022
اسرائیل نے ایران کی حمایت یافتہ گروپس کے ٹھکانوں پر بھی حملے کیے، فوٹو: فائل

اسرائیل نے ایران کی حمایت یافتہ گروپس کے ٹھکانوں پر بھی حملے کیے، فوٹو: فائل

دمشق: اسرائیلی فضائیہ نے دمشق ایئرپورٹ پر بمباری کی جس میں شامی فوج کے 5 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے دمشق ایئرپورٹ اور ملحقہ سیکیورٹی ٹھکانوں پر میزائل داغے جس کے نتیجے میں شام کے 5 فوجی مارے گئے اور پروازیں معطل ہوگئیں۔

شامی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملکی فضائی دفاعی نظام نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے اسرائیلی فوج کے کئی میزائلوں کو فضا میں ناکارہ بنادیئے تاہم کچھ میزائل ایئرپورٹ پر گرے جس سے عمارت کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

اسرائیلی فوج نے شام میں ایرانی حمایت یافتہ جنگجوؤں کے خلاف کارروائی تیز کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ایران ان گروپس کو آتشیں اسلحہ فراہم کر رہا ہے جس میں لبنان کی حزب اللہ بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ شام میں 2011 سے جادی خانہ جنگی میں 3 لاکھ سے زائد افراد ہلاک اور دس لاکھ سے زائد بے گھر ہوگئے۔ شامی حکومت نے روس اور اتحادی فوج کی مدد سے داعش جنگجوؤں کو پسپا کردیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔