پاکستان، انگلینڈ ٹی ٹوئنٹی میچز: پارکنگ اور متبادل راستوں کا خصوصی پلان مرتب

اسٹاف رپورٹر  پير 19 ستمبر 2022
فوٹو : کراچی ٹریفک پولیس/ٹویٹر

فوٹو : کراچی ٹریفک پولیس/ٹویٹر

 کراچی: ٹریفک پولیس نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے چار ٹی 20 میچز کے حوالے سے پارکنگ اور متبادل راستوں کا خصوصی پلان مرتب کیا ہے۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں سے نیشنل اسٹیڈیم آنے والے شائقین جن کے پاس میچ کے ٹکٹ ہوں گے ان کے لیے ایکسپو سینٹر میں پارکنگ کے انتظامات کیے گئے ہیں، پارکنگ کے لیے اصل شناختی کارڈ اور میچ کا ٹکٹ  دکھانا لازمی ہوگا۔

ترجمان کے مطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل اور ڈسٹرکٹ ویسٹ کے رہائشی براستہ لیاقت آباد نمبر 10، حسن اسکوائر سے ایکسپو سینٹر میں اپنی گاڑی و موٹر سائیکل پارک کریں گے جہاں سے بذریعہ شٹل سروس انھیں نیشنل اسٹڈیم تک لے کر جایا جائے گا۔

اسی طرح نیو کراچی، فیڈرل بی ایریا اور گلشن کے رہائشی براستہ نیپا سے درج بالا مقام پر اپنی گاڑی و موٹر سائیکل پارک کریں گے جبکہ ڈسٹرکٹ ایسٹ، ملیر اور کورنگی کے رہائشی شارع فیصل ڈرگ روڈ، ملینیم مال سے نیپا ہوتے ہوئے درج بالامقام (ایکسپو سینٹر) پر اپنی گاڑی و موٹر سائیکل پارک کریں گے اور وہاں انھیں بذریعہ شٹل سروس نیشنل اسٹڈیم لے کر جایا جائے گا۔

ڈسٹرکٹ ساؤتھ اور سٹی کے رہائشی شارع فیصل یا پی پی چورنگی، جیل روڈ سے ہوتے ہوئے ایکسپو سینٹر میں اپنی گاڑی و موٹر سائیکل پارک کریں۔

لیاقت آباد سے براستہ حسن اسکوائر فلائی اوور نیشنل اسٹیڈیم روڈ کسی بھی قسم کی ٹریفک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی، تمام ٹریفک یونیورسٹی کا راستہ اختیار کر کے اپنی منزل کی جانب جا سکیں گی جبکہ یونیورسٹی روڈ سے ایکسپو ٹرننگ جانب اسٹیڈیم روڈ عام پبلک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ اسٹیڈیم روڈ سے جانب حسن اسکوائر ٹریفک معمول کے مطابق چلتی رہے گی۔

سہراب گوٹھ سے جانب نیپا، لیاقت آباد نمبر 10 سے جانب حسن اسکوائر، پی پی چورنگی سے جانب یونیورسٹی روڈ، کارساز سے اسٹیڈیم، ملینیم تا نیو ٹاؤن، اسٹیڈیم سگنل تا حسن اسکوائر ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔

نیشنل کوچنگ سینٹر (چائنا گراؤنڈ) میں میڈیا کے لیے پارکنگ میڈیا بنائی گئی ہے اور کارساز سے آنے والے میڈیا حضرات حبیب ابراہیم رحمت اللہ روڈ، اسٹیڈیم فلائی اوور کے نیچے سے ہوتے ہوئے سر شاہ سلیمان روڈ پر چائنا گراؤنڈ میں اپنی گاڑی  پارک کریں گے جبکہ ملینیم سے آنے والے میڈیا حضرات اسٹیدیم روڈ (پیر صبغت اللہ شاہ راشدی روڈ) سے ہوتے ہوئے، اسٹیڈیم فلائی اوور کے نیچے سے دائیں جانب سر شاہ سلیمان روڈ پر چائنا گراؤنڈ میں اپنی گاڑی پارک کریں گے۔

نیوٹاؤن سے آنے والے میڈیا حضرات اسٹیدیم روڈ (پیر صبغت اللہ شاہ راشدی روڈ) سے ہوتے ہوئے، آغا خان اسپتال کے بعد  بائیں جانب سر شاہ سلیمان روڈ سے مختص کیے گئے پارکنگ ایریا میں اپنی گاڑیاں پارک کریں گے۔

ترجمان نے عوام الناس سے درخواست کی ہے کہ وہ زحمت و پریشانی سے بچنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ٹریفک پولیس سے تعاون کریں اور اپنی گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کو کسی سروس روڈ یا مین روڈ پر پارک کرنے سے گریز کریں اور جو پارکنگ ایریا مختص کیا گیا ہے اسی مقام پر گاڑیاں اور موٹر سائیکل پارک کریں جبکہ کسی بھی پریشانی کی صورت میں رہنمائی کے لیے ٹریفک پولیس راہنما 1915 ملائیں جہاں ٹریفک پولیس کے نمائندے شہریوں کی رہنمائی کے لیے موجود ہیں۔

سوشل میڈیا یونٹ (فیس بک www.facebook.com/karachitrafficpolice ، واٹس ایپ 03059266907 یا ایف ایم ریڈیو (88.6 ) سے تازہ ترین اپ ڈیٹ حاصل کرتے رہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔