ورلڈ ٹی 20؛ بنگلہ دیش سپر 10 میں رسائی کے لیے بے تاب

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 20 مارچ 2014
گروپ ’ اے‘ سے فیصلہ آج ہوجائیگا، افغان ٹیم نیپالی کرکٹرز سے ٹکرائے گی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

گروپ ’ اے‘ سے فیصلہ آج ہوجائیگا، افغان ٹیم نیپالی کرکٹرز سے ٹکرائے گی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

چٹاگانگ: ورلڈ ٹی 20 کے سپر 10 مرحلے میں رسائی کیلیے بے تاب بنگلہ دیش ٹیم جمعرات کوہانگ کانگ کا سامنا کرے گی۔

ٹائیگرز اپنے دونوں ابتدائی میچز جیت کر اگلے مرحلے میں رسائی کا امکان روشن کرچکے ہیں  تاہم کوئی انہونی ہی انھیں اس سے باہرکرسکتی ہے، گروپ ’ اے ‘ کا دوسرا میچ افغانستان اور نیپال کے درمیان کھیلا جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی20 میں جمعرات کو گروپ ’ اے ‘ سے سپر 10 میں پہنچنے والی ٹیم کا فیصلہ ہوجائیگا، ابتدائی دونوں میچز جیتنے والی بنگلہ دیشی ٹیم ہانگ کانگ کا سامنا کرے گی، میزبان کپتان مشفیق الرحیم، ناصر حسین اور محمود اللہ بیٹنگ میں اپنے جوہر دکھانے کیلیے بے تاب ہیں، شب میں شیڈول میچ میں میزبان بولرز کیلیے اوس کا عنصر پریشانی کا سبب بن سکتا ہے، ٹائیگرز کو اوپنر تمیم اقبال اور مشرفی مرتضی کی فٹنس پر بھی تشویش ہے، بخار سے نجات پالینے پر روبیل کو میدان میں اتارا جاسکتا ہے۔

ہانگ کانگ کے کپتان جیمی ایٹکنسن ابتدائی دونوں میچز میں ناکامی کے بعد اس مقابلے میں خود کو دبائو سے آزاد خیال کررہے ہیں، نیپال اور افغانستان کے باہمی مقابلے میں فتح ان میں سے کسی ایک ملک کی پیشقدمی کیلیے ازحد ضروری ہے، تاہم اس کا انحصار بھی بنگلہ دیش کی بڑے مارجن سے شکست سے مشروط ہوگا، نوروز مینگل اور کریم صادق میں سے کسی ایک کی ٹیم میں واپسی ممکن ہے، میر واعظ اشرف کی شمولیت سے افغان ٹیم کو بولنگ میں سہولت مل سکتی ہے، مقابلہ دوپہر میں شیڈول ہونے کی وجہ سے اس میں اوس کا عنصر شامل نہیں ہوگا، افغان کوچ کبیر خان کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس معیاری فاسٹ بولرز موجود ہیں، جو کسی بھی حریف بیٹنگ لائن کو تہس نہس کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔