پلیئرز کی پرفارمنس بہتر بنانا کوچز کی ذمے داری ہے، نجم سیٹھی

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 20 مارچ 2014
سلیکشن کمیٹی کیلیے چار، پانچ نام زیرغور ہیں، ڈھاکا روانگی پر بورڈ چیف کی گفتگو۔ فوٹو: فائل

سلیکشن کمیٹی کیلیے چار، پانچ نام زیرغور ہیں، ڈھاکا روانگی پر بورڈ چیف کی گفتگو۔ فوٹو: فائل

لاہور: چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے قومی ٹیم کو ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ کے لیے فیورٹ قرار دے دیا، ان  کا کہنا ہے کہ حفیظ الیون بھر پور تیاری کے ساتھ بنگلہ دیش گئی ہے اور میگا ایونٹ جیت کر وطن واپس لوٹے گی۔

بنگلہ دیش روانگی سے قبل قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے  بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کا موجودہ کمبی نیشن ٹونٹی20 کرکٹ کیلیے آئیڈیل ہے، تمام کھلاڑیوں میں جیت کا جذبہ موجود ہے اوروہ قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔ انھوں نے کہاکہ کھلاڑیوں کی پرفارمنس کو بہتر بنانا کوچ کی ذمہ داری ہے، میں وہاں جا کر پلیئرز کی صرف حوصلہ افزائی ہی کرسکتا ہوں۔ انھوںنے کہا کہ کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت اور آسٹریلیا کے خلاف میچز قومی ٹیم کیلیے مشکل ہوں گے اسی حوالہ سے انھیں مکمل حمایت دینے کیلیے بنگلہ دیش جارہا ہوں۔

شاہد آفریدی کے متعلق سوال بورڈ چیف نے کہا کہ وہ 90 فیصد فٹ ہیں اور اپنی نیچرل پرفارمنس دکھا کر قومی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کریں گے، سلیکشن کمیٹی کے حوالے  سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ چار، پانچ نام زیر غور ہیں جس پر حتمی فیصلہ بنگلہ دیش سے واپسی پر کیا جائے گا۔ نجم سیٹھی نے کہاکہ قومی کرکٹ ٹیم میں مزید بہتری لانے کیلیے مختلف پروگرام شروع کیے جائیں گے جس میں سرفہرست فیلڈنگ کے مسائل پر قابو پانا ہے، اس مقصد کیلیے ہم کسی غیر ملکی ایکسپرٹ کی خدمات حاصل کرنے کے بارے میں بھی غور کیا جا رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔