امریکیوں کا مذہبی منافرت کا یہ عالم کہ شدید گردوغبار کوہی ’’مسلم طوفان‘‘ کہہ ڈالا

ویب ڈیسک  جمعرات 20 مارچ 2014
حبوب عربی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی ریت کے طوفان کے ہیں لیکن امریکا میں  ’’حابوب‘‘ کی اصطلاح عرب اور مسلم دشمن تبصروں میں استعمال کی جاتی ہیں  فوٹو: فائل۔

حبوب عربی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی ریت کے طوفان کے ہیں لیکن امریکا میں ’’حابوب‘‘ کی اصطلاح عرب اور مسلم دشمن تبصروں میں استعمال کی جاتی ہیں فوٹو: فائل۔

ہیوسٹن: امریکیوں کی جانب سے ہمیشہ مسلمانوں پر شدت پسندی اور انتہا پسندی کا الزام عائد کیا جاتا ہے لیکن درحقیقت وہ مسلمانوں سے اس قدر متنفر ہیں کہ گزشتہ روز امریکی ریاست ٹیکساس میں آنے والے طوفان ہی کو ’’مسلم طوفان‘‘ کا نام دے دیا۔

ماہرین موسمیات کی جانب سے طوفانوں کو اس کی شدت کے حوالے سے مختلف نام دے دینا عام بات ہے لیکن کبھی کبھار یہ نام انسانوں کے جذبات کی عکاسی بھی کرتے ہیں، اس کی تازہ مثال امریکی ریاست ٹیکساس میں دیکھی گئی ہے جہاں رواں ہفتے ریت کا طوفان آیا تو وہاں کے ماہر موسمیات  نے اسے ’’حبوب‘‘ کا نام دے ڈالا، حبوب عربی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی ریت کے طوفان کے ہیں لیکن امریکا میں  ’’حابوب‘‘ کی اصطلاح عرب اور مسلم دشمن تبصروں میں استعمال کی جاتی ہیں۔

طوفان کو یہ نام دینے پر امریکی مسلمانوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ پر اس مسئلے کو اجاگر کرنے کی کوشش کی تو اس نام کے ذریعے اپنی مسلم دشمنی کا ثبوت فراہم کرنے والوں نے الٹا مسلمانوں پر ہی الزام تراشی کی گولہ باری شروع کردی اور ان خدشات کو نسل پرستی اور غیر رواداری قراردے دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔