چوروں کی انوکھی واردات ؛ تاوان کیلیے بن مانس اغوا

ویب ڈیسک  جمعـء 23 ستمبر 2022
اغوا کاروں نے بن مانسوں کی رہائی کے لیے لاکھوں روپے تاوان طلب کیا، فوٹو: فائل

اغوا کاروں نے بن مانسوں کی رہائی کے لیے لاکھوں روپے تاوان طلب کیا، فوٹو: فائل

کانگو: جمہوریہ کانگو میں اغوا کاروں نے بن مانس کے 3 بچوں کو اغوا کرکے بھاری تاوان مانگ لیا اور ان چمپینزیز کی ہاتھ پاؤں بندھی ویڈیو بھی بھیجی۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افریقی ملک جمہوریہ کانگو میں ایک بحالی سینٹر سے 3 بن مانس غائب ہوگئے۔ عملے نے پہلے تو سمجھا کہ شرارتی بن مانس پنجرے سے نکل کر بھاگنے میں کامیاب ہوگئے تاہم حیران کن طور انھیں اغوا کاروں کی کال آئی۔

اغوا کاروں نے بتایا کہ تینوں بن مانس ان کی قید میں ہیں اور بحالی مرکز ان کی رہائی کے لیے بھاری تاوان ادا کرے۔ عملے نے اسے مذاق سمجھتے ہوئے بن مانسوں کے ان کی قید میں ہونے کا ثبوت مانگا۔

https://twitter.com/JackChimps/status/1572268338516037638?s=20&t=z7O22b6bLUmt4k-kIQZv9A

جس پر اغوا کاروں نے بحالی مرکز کے عملے کو ایک ویڈیو بھیجی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بن مانسوں کے ہاتھ پاؤں باندھے ہوئے ہیں۔ تاوان کے لیے بن مانسوں کے اغوا کی یہ اپنی نوعیت کی پہلی واردات ہے۔

جس بحالی سینٹر سے یہ بن مانس اغوا ہوئے وہاں اس نسل کے 40 جانور ہیں جب کہ معدومی کے شکار بندر بھی ہیں۔ اغوا ہونے والے بن مانسوں کی عمریں 2 سے 5 سال کے درمیان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔