کراچی میں مون سون کے تحت مزید بارشوں کا امکان ختم ہوگیا، محکمہ موسمیات

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 23 ستمبر 2022
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں مون سون کے تحت مزید بارشوں کا امکان ختم ہوگیا البتہ اگلے چند روز کے دوران سمندر کے نچلی سطح کے بادلوں کی وجہ سے بوندا باندی اور پھوار ہوسکتی ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق شہر میں اب مون سون کی مزید بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے، کراچی میں مون سون کا دورانیہ 15جولائی سے 15ستمبر پر محیط ہوتا ہے، تاہم رواں سال مون سون کی بارشیں یکم جولائی سے ہی شروع ہوگئی تھی۔

ان کا کہنا ہے کہ اگلے چند روز کے دوران سمندر کے نچلی سطح کے بادلوں کی وجہ سے بوندا باندی اور پھوار ہوسکتی ہے، دیہی سندھ میں بھی مون سون کی بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق اگلے 3روز کے دوران شہر کا مطلع جذوی ابرآلود رہنے جبکہ رات اور صبح کے اوقات میں بوندا باندی کا امکان ہے، اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31سے 33ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ ہو سکتا ہے، تین روز کے دوران سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں مکمل طور پر بحال رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31.1ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 71فیصد رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔