کراچی سمیت دیگر شہروں کیلیے ڈینگی الرٹ جاری

ویب ڈیسک  جمعـء 23 ستمبر 2022
 فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

کراچی: محکمہ موسمیات نے ڈینگی کے پھیلاؤ کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی سمیت ملک کے بڑے شہروں اور  سیلاب متاثرہ علاقوں میں ڈینگی کے پھیلاؤ میں اضافے کاخدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری الرٹ میں اکتوبر کے مہینے میں ڈینگی کے پھیلاؤ میں اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے،الرٹ کے مطابق کراچی ، لاہور، پشاور، راولپنڈی،اسلام آباد، حیدرآباد فیصل آباد سیالکوٹ لاڑکانہ اور ملتان میں ڈینگی میں اضافہ ہوسکتاہے۔

محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کا مشورہ دیا ہے، ڈینگی بخار گذشتہ 10 سالوں سے  شہریوں کی صحت کو متاثر کررہا ہے۔

الرٹ کے مطابق ڈینگی کا پھیلاؤ مون سون کے بعد سازگار ماحول کے باعث 20ستمبر سے 5 دسمبر تک جاری رہتا ہے،درجہ حرارت 26 سے 29 ڈگری سینٹی گریڈاور ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد ہونا ڈینگی کی افزائش کے لئےسازگا رہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ڈینگی مچھر سورج نکلنے کے دو گھنٹہ بعد اور سورج غروب ہونے سے دو گھنٹے پہلے حملہ کرتا ہے،درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے جانے پر ڈینگی کی افزائش رک جاتی ہے۔

موجودہ موسمی صورتحال ڈینگی کے پھیلاؤ کے لیے معاون ہے،وسط ستمبر سے ہی ڈینگی کے حملہ کے لئے سازگار موسمی ماحول بن چکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔