ورلڈ ٹی 20؛ ہانگ کانگ سے شکست کے باجود بنگلا دیش سپر ٹین میں پہنچ گیا

ویب ڈیسک  جمعرات 20 مارچ 2014
ہانگ کانگ کے ندیم احمد 4، نزاکت خان 3، تنویر افضل 2 اور عرفان احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔ فوٹو؛ آئی سی سی

ہانگ کانگ کے ندیم احمد 4، نزاکت خان 3، تنویر افضل 2 اور عرفان احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔ فوٹو؛ آئی سی سی

چٹاگانگ: ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہانگ کانگ سے شکست کے باوجود بنگلا دیش نے سپر ٹین کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

بنگلا دیش کے شہر چٹاگانگ کے ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں بنگلا دیش نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 16.3 اوورز میں تمام کھلاڑیوں کے نقصان پر 108 رنز بنائے تاہم جواب میں ہانگ کانگ نے 8 وکٹوں کے نقصان پر بیسویں اوور میں ہدف حاصل کرلیا۔

میچ کے آغاز میں بنگلا دیشی کھلاڑیوں کو ہانگ کانگ کے بالرز نے آڑے ہاتھوں لیا اور اوپنر تمیم اقبال کو تیسری بال پر ہی بغیر کسی رنز کے پویلین بھیج دیا جب کہ شبیر خان بھی پہلے اوور میں صرف 2 رنز بنا کر تنویر افضل کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہوئے جس کے بعد انمول حق نے 26 رنز جوڑ کر ٹیم کے مجموعی اسکور کو شکیب الحسن کے ساتھ مل کر 56 تک پہنچایا  اور ندیم احمد کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے۔

بنگلا دیش کے انمول حق، شکیب الحسن، کپتان مشفق الرحمان اور نثار حسین کے علاوہ کوئی کھلاڑی ڈبل فکر میں داخل نہ ہو ہوسکا۔ ہانگ کانگ کے ندیم احمد 4 وکٹیں حاصل کرکے نمایاں رہے جب کہ نزاکت خان 3، تنویر افضل 2 اور عرفان احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ نے شاندار کھیل کا آغاز کیا تاہم دوسرے اوور کی دوسری بال پر وقاص برکت 10 رنز کے مجموعی اسکور پر شکیب الحسن کی گیند پر کیپر کے ہاتھوں اسمپ ہوگئے جس کے بعد عرفان احمد نے ٹیم کو سہارا دیا اور 34 رنز جوڑے اور 44 رنز کے مجموعی اسکور پر شکیب الحسن کے ہاتھوں ہی شکار ہوئے۔ ہانگ کانگ کے منیر ڈار 36 جب کہ نزاکت خان اور حسیب امجد نے 12، 12 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔