رواں ہفتے بھی روپیہ دیگر کرنسیوں کے مقابلے میں دباؤ کا شکار رہا

احتشام مفتی  ہفتہ 24 ستمبر 2022
انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر، پاؤنڈ، یورو اور ریال کی قدروں میں اضافہ رہا  (فوٹو فائل)

انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر، پاؤنڈ، یورو اور ریال کی قدروں میں اضافہ رہا (فوٹو فائل)

 کراچی: معیشت کی سست روی اور زرمبادلہ بحران کے باعث گزشتہ ہفتے بھی روپیہ غیرملکی کرنسیوں کی نسبت تنزلی کا شکار رہا۔

ہفتہ وار کاروبار کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر، پاؤنڈ، یورو اور ریال کی قدروں میں اضافہ رہا جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر و ریال کی قدروں میں اضافہ اور پاؤنڈ و یورو کی قدروں میں کمی واقع ہوئی۔ ہفتے کے ابتدائی 4 دن ڈالر کی اڑان جاری رہی تاہم اختتامی 2 دنوں میں  ڈالر کی قدر میں تیز رفتار اضافے کا تسلسل رک گیا۔

ہفتہ وار کاروبار میں ڈالر کے انٹربینک ریٹ 239 روپے جبکہ اوپن ریٹ 244 روپے سے تجاوز کرگیا۔ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مجموعی طور پر 2.85روپے بڑھ کر 239.71 روپے کی سطح پر آگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 3.40روپے بڑھ کر 244.40 روپے کی سطح پر آگئی۔ اسی طرح برطانوی پاؤنڈ کے انٹربینک ریٹ 1.35روپے بڑھ کر 271.66روپے ہوگئے۔

اوپن مارکیٹ میں برطانوی پاؤنڈ کی قدر 12.35روپے گھٹ کر 270.65 روپے ہوگئی۔ انٹربینک میں یورو کرنسی کی قدر 39پیسے بڑھ کر 236.88 روپے ہوگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں یورو کی قدر 6.6روپے گھٹ کر 237.35 روپے ہوگئی۔ انٹربینک میں ریال کی قدر 69پیسے بڑھ کر 63.71 روپے ہوگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ریال کی قدر 40پیسے بڑھ کر 64.90 روپے ہوگئی۔

گزشتہ ہفتے کے وسط میں غیر قانونی منی چینجرز کے خلاف کریک ڈاؤن سے اختتامی 2 دن میں روپیہ مستحکم ہوا۔ ہفتے کے اختتامی دن اسٹیٹ بینک کی جانب سے 2 ہزار ڈالر یا اس سے زائد مالیت کے زرمبادلہ کی نقد فروخت پر پابندی عائد ہونے سے آنے والے دنوں میں روپیہ کی مزید تنزلی رکنے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔