فواد خان کو ہالی ووڈ اداکار کی نقل کرنا مہنگا پڑگیا

کرسچیئن بیل نظر آنے کیلیے باڈی ٹرانسفارمیشن کی تو گردوں نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا، فواد خان


ویب ڈیسک September 24, 2022
فواد خان ان دنوں اپنی سب سے بڑی ’دی لیجنڈ آف دی مولا جٹ ‘کی پروموشن میں مصروف ہیں(فائل فوٹو)

اداکار فواد خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ہالی ووڈ اداکار کرسچیئن بیل جیسی باڈی بنانے کی کوشش کی جس کی وجہ سے انہیں کئی دن اسپتال میں گزارنے پڑے۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اداکار فواد خان نے کہا ہے کہ فلمی کردار کی مناسبت سے جسم بنانے کی کوشش انہیں بہت مہنگی پڑگئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ کسی دور میں ان پر کرسچیئن بیل اور عامر خان جیسی باڈی بنانے کا بھوت سوار ہوا تھا تاہم وہ کوشش کے باوجود ان جیسی جسامت حاصل نہ کرسکے۔

فواد خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 'وہ اچھا نہیں تھا، جو میں نے اپنے ساتھ کیا کیونکہ اس نے مجھ پر منفی اثر ڈالا اور آئندہ کبھی ایسا نہیں کروں گا انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے والے لوگوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ اس سے ان کی صحت کو نقصان بھی پہنچ سکتا ہے۔



انہوں نے انکشاف کیا کہ 'انہیں 10 روز کیلئے اسپتال میں رہنا پڑ گیا تھا'۔ انہوں نے بتایا کہ'انہیں مکمل طور پر صحت یاب ہونے میں تین ماہ کا عرصہ لگا جس کے بعد سے وہ ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہیں جس نے ان کی صحت پر بہت برا اثر ڈالا ہے'۔

فواد خان نے بتایا کہ' فلم کے لیے وزن بڑھانے سے قبل ان کا وزن 73 سے 75 کلوگرام تھا تاہم کردار کے لیے اس کو 100 کلوگرام تک بڑھانا تھا جو کہ ان کی سب سے بڑی غلطی تھی'۔

انہوں نے اپنے اس اقدام کو غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'میں اس پر گھنٹوں صرف کرتا رہا کیونکہ میرے پاس وقت کم تھا تاہم یہ درست طریقہ نہیں تھا، میں کرسچیئن بیل نہیں ہوں مگر وہی کرنے کی کوشش کی جو وہ کرتے ہیں جبکہ عامر خان کی طرح بننے کی کوشش بھی کی'۔

Fawad Khan Gaining Massive Weight For Maula Jatt Effected His Health

فواد خان نے باڈی ٹرانسفارمیشن کے خواہش مند افراد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'جسم میں اس قسم کی تبدیلیاں راتوں رات نہیں آتیں، میں جسم میں ایسی تبدیلیوں کے لیے کبھی کسی حوصلہ افزائی نہیں کروں گا'۔

یاد رہے کہ فواد خان ان دنوں اپنی سب سے بڑی 'دی لیجنڈ آف دی مولا جٹ 'کی پروموشن میں مصروف ہیں جوکہ 13 اکتوبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں