کاروباری تنازعات پر دوست نے دوست کو قتل کردیا

معاملات طے کرنے کے لیے بلائی گئی ناشتے کی دعوت جان لیوا ثابت ہوئی


Staff Reporter September 24, 2022
معاملات طے کرنے کے لیے بلائی گئی ناشتے کی دعوت جان لیوا ثابت ہوئی (فوٹو فائل)

شہر قائد میں کاروباری تنازعات پر دوست نے دوست کو قتل کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق معاملات طے کرنے کے لیے بلائی گئی ناشتے کی دعوت جان لیوا ثابت ہوئی، واقعے کے بعد ملزم فرار ہوگیا جس کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

ایس ایچ او پیرآباد سب انسپکٹر مختار پہنور نے بتایا کہ ہفتہ کی صبح نیو ناظم آباد کے سامنے واقع فیضان مرکز بحالی منشیات کے مالک 40 سالہ زین العابدین کو اس کے دوست شمس الہدیٰ نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زین العابدین کو ایک گولی سینے پر لگی جس سے وہ جانبر نہ ہوسکا، مقتول اسپتال کے علاوہ گاڑیوں اور جائیداد کی خرید و فروخت کا بھی کام کرتا تھا جبکہ اس کے کاروبار میں پارٹنر اس کا دوست شمس الہدیٰ بھی تھا۔

دونوں دوستوں کے مابین کافی عرصے سے کاروباری تنازعات چل رہے تھے اور اس سے قبل بھی جھگڑے ہوچکے تھے۔

ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ ہفتہ کی صبح زین العابدین نے شمس الہدیٰ کو ناشتے کی دعوت پر اسپتال بلایا تھا جہاں دونوں ناشتہ کررہے تھے کہ اس دوران تلخ کلامی ہوگئی اور مشتعل ہوکر شمس الہدیٰ نے زین العابدین پر فائرنگ کردی جس سے وہ سینے پر ایک گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وردات پر پہنچ گئی، مقتول کا آبائی تعلق پنجاب سے تھا۔

دوسری جانب ملزم کی تلاش میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔