قومی ہاکی ٹیم کو بڑا دھچکا، مزید 2 کھلاڑیوں نے کھیلنے سے انکار کردیا

یوسف انجم  ہفتہ 24 ستمبر 2022
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 کراچی: پاکستان ہاکی ٹیم کے دو اہم کھلاڑیوں نے مزید کھیلنے سے انکارکرتے ہوئے  فیڈریشن کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم کے نائب کپتان عماد شکیل بٹ اور پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ مبشر علی نے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے تربیتی کیمپ میں شرکت سے انکار کرتے ہوئے ہاکی فیڈریشن کو اپنا استعفیٰ بجھوادیا۔

لیگز کھیلنے میں مصروف دوسرے بارہ کھلاڑیوں کی بھی اتوار سے کراچی میں شروع ہونے والے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے تربیتی کیمپ میں شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا۔

مستعفی ہونے والے تجربہ کار فل بیک عماد شکیل بٹ اور مبشر علی نے معاشی مسائل کو جواز بناتے ہوئے ملک کی انٹرنیشنل سطح پر مزید نمائندگی سے معذرت کی ہے۔

کھلاڑیوں کا موقف ہے کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ہمارے لیے اعزاز ہے اور فیڈریشن کے مشکور ہیں جس نے اس قابل سمجھا اور مختلف ایونٹس میں شرکت کا موقع فراہم کیا تاہم اب معاشی مشکلات بڑھنے اور اپنی فیملی کو سپورٹ کرنا بہت مشکل ہونے پر بہتر مستقبل کی پلاننگ کرنے کا وقت آگیا ہے۔

عماد شکیل بٹ اور مبشر علی نے فیڈریشن کے صدر اور سیکرٹری کے نام بجھوائے گئے استعفی میں قومی ہاکی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مخلتف ممالک میں لیگ کھیلنے میں مصروف دوسرے کھلاڑیوں کی بھی کیمپ میں فوری طور پر شرکت کا بہت کم امکان ہے۔

پی ایچ ایف نے کھلاڑیوں کو لیگز سے واپس بلانے کے لیے ان کے محکموں کو خطوط لکھنے کے ساتھ کیمپ جوائن نہ کرنے پر سخت کارروائی کا سامنا کرنے کی بھی دھمکی دی ہے۔

کھلاڑیوں کا موقف ہے کہ پی، ایچ، ایف نے خود لیگز کھیلنے کا این او، سی دیا اب معاہدے ہونے کے بعد کس طرح ان کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فوری واپس آسکتے ہیں۔

واضح رہے کے لیگز کھیلنے والے کھلاڑیوں کا فی میچ تین سو پاونڈ معاوضہ طے پایا ہے، ہفتے میں دو میچز کھیلنے کے ساتھ کھانا پینا اور رہائش بھی مفت ملی ہوئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔