بھارت میں کورونا پھر سر اُٹھانے لگا؛ ہلاکتوں اور نئے کیسز میں اضافہ

ویب ڈیسک  اتوار 25 ستمبر 2022
بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 4 ہزار 777 نئے کیسز بھی سامنے آئے، فوٹو: فائل

بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 4 ہزار 777 نئے کیسز بھی سامنے آئے، فوٹو: فائل

نئی دہلی: بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 23 ہوگئی جب کہ 4 ہزار 777 نئے کیسز سامنے آئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مودی حکومت کا دعویٰ ہے کہ ملک میں کورونا پر قابو پالیا گیا ہے اور وزیراعظم نریندر مودی اسے اپنی بڑی کامیابی بھی قرار دیتے ہیں تاہم حقیقت یہ ہے کہ کورونا ایک بار پھر سر اُٹھا رہا ہے۔ اور صرف گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا نے مزید 23 افراد کی جان لے لی۔

کورونا سے ایک دن میں ہونے والی 23 ہلاکتوں میں سے 11 ہلاکتیں صرف ریاست کیرالہ میں ہوئیں۔ اس طرح ملک بھر میں اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 5 لاکھ 28 ہزار 510 ہوگئی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4 ہزار 777 نئے کیسز بھی سامنے آئے جس کے بعد ایک بار پھر کورونا پابندیوں کو سخت کرنے پر غور کیا جا رہا ہے تاہم گزشتہ فیصلوں کی ناکامی کو دیکھتے ہوئے شاید ہی مودی حکومت کوئی بڑا فیصلہ کرپائے۔

کورونا کا پہلا کیس چین کے صوبے ووہان میں دسمبر 2019 میں سامنے آیا تھا اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ وبا پوری دنیا میں پھیل گئی تھی جس میں تاحال 65 لاکھ سے زیاد افراد ہلاک ہوئے جب کہ 61 کروڑ 50 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے تھے۔

اُس وقت بھی امریکا کے بعد بھارت اس وبا سے متاثر ہونے والا دوسرا بڑا ملک تھا تاہم دنیا بھر میں کورونا ویکسینیشن کے بعد صورت حال قابو میں آئی۔ دنیا بھر میں تمام سفری پابندیوں کا خاتمہ ہوا، کاروباری سرگرمیاں شروع ہوئیں اور اب معمول کی زندگی کی رواں دواں ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔