ایٹمی ملک کے وزیراعظم ہاؤس کی گفتگو تین لاکھ ڈالر میں ڈارک ویب پر دستیاب ہے، فواد چوہدری

ویب ڈیسک  اتوار 25 ستمبر 2022
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

پنڈدادن خان: تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ایٹمی ملک کے وزیراعظم ہاؤس کی گفتگو ساڑھے تین لاکھ ڈالر میں ڈارک ویب پر دستیاب ہے، وزیراعظم آفس محفوظ نہیں تو پھر کون سی جگہ محفوظ ہے۔

پنڈدادن خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم آفس کی آڈیو لیک ہوئی ہے جس پر بڑی تشویش ہے، 115 گھنٹوں کی گفتگو ڈارک ویب پر موجود ہے جس کی بولی لگ گئی ہے، ایٹمی ملک کے وزیراعظم کے دفتر کی گفتگو ساڑھے تین لاکھ ڈالر میں دست یاب ہے، وزیر اعظم کا آفس محفوظ نہیں تو پھر کون سی جگہ محفوظ ہے؟

انہوں نے کہا کہ گفتگو سے پتا چلتا ہے کہ فیصلے لندن میں ہورہے ہیں، مریم نواز شہباز شریف سے مطالبہ کر رہی ہیں کہ ان کے داماد کی مشینری انڈیا سے آنے دی جائے، جواب آرہا ہے کہ یہ سیاسی مسئلہ بن جائے گا اور تحریک انصاف تنقید کرے گی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مریم نواز باہر کہتی ییں کہ تیل کی قیمت نہیں بڑھنی چاہیے لیکن آڈیو میں کہہ رہی ہیں قیمتیں بڑھانے کے سوا کوئی چارہ نہیں، سارا گند انہوں نے مفتاح اسماعیل پر ڈال دیا، دراصل مفتاح اسماعیل کو بے عزت کرکے اسحاق ڈار کو لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، مولانا فضل الرحمن تین وکٹیں ہیں جنہیں ہم گرا دیں گے، اگر انتخابات کی تاریخ اور سائفر کی تحقیقات کرائی جائیں تو اسمبلی میں واپس  آجائیں گے، اچھی خبریں ملنا شروع ہوجائیں گی، ہم بہتری کی طرف جارہے ہیں، بغیر فساد کے انتخابات کی طرف بڑھ رھے ہیں جو کہ ہمارا ٹارگٹ ہے۔

ایک سوال پر انہوں ںے کہا کہ جس وقت اسٹیبلشمنٹ سے لڑائی ہورہی تھی اس وقت حامد خان کہاں تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔