کراچی میں ڈاکوؤں نے نوجوان کو عمرہ ادائیگی پر روانگی سے چند گھنٹے پہلے قتل کردیا

یاسین جبلپوری  اتوار 25 ستمبر 2022
مقتول کی فائل فوٹو

مقتول کی فائل فوٹو

 کراچی: شہر قائد میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر عثمان نامی نوجوان کو سر پر گولی مار کر قتل کردیا، مقتول کی دو ماہ قبل شادی ہوئی اور اُسے اتوار کو عمرے پر روانہ ہونا تھا۔

ایکپسیرس نیوز کے مطابق شارع فیصل عوامی مرکز کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ، شارع فیصل عوامی مرکز ٹویوٹا شوروم کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مقتول کی لاش کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 30 سالہ عفان ولد اویس کے نام سے کی گئی، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس افسران اسپتال اور موقع پر پہنچ گئے ، پولیس نے شہریوں کی مدد سے جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کا ایک خول حاصل کر لیا ، مقتول عفان بلوچ کالونی فیلکن کمپلکس گلی نمبر ایک مکان نمبر 356 کا رہائشی تھا۔

پولیس حکام کے مطابق مقتول کی دو ماہ قبل شادی ہوئی تھی  اور اُس کا پلاسٹک کے سامان کا کاروبار تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق واقعے کے وقت مقتول اپنی گاڑی میں بیٹھنے جا رہا تھا کہ موٹرسائیکل سوار دو ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر اُس پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔  پولیس کے مطابق واقعہ ڈکیتی کا ہے یا زاتی رنجش کا کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہوگا واقعے کی تحقیقات کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔ مقتول کا تعلق جماعت اسلامی سے بتایا جاتا ہے۔

ایس ایچ او بہادر آباد قربان علی کے مطابق جائے وقوعہ کی پیر کو مکمل سی سی فوٹیج حاصل کرلی جائیگی جس کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگانے میں آسانی ہوگی واقعہ کے عینی شاہدیں نے ملزمان کو دیکھا ہے عینی شاہدین کی مدد سے ملزمان کے خاکے تیار کیے جائیں گے۔

ایس ایچ او نے مزید بتایا ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ ملزمان پینٹ شرٹ پہنے ہوئے تھے ایک اندازے کے مطابق اُن کی عمریں بائیس سے پچیس سال کے درمیان تھیں۔ جائے وقوعہ سے ایک نائن ایم ایم پسٹل کا ایک خول ملا ہے جیسے فرانزک کے لیے بھیج دیا گیا جس کی رپورٹ منگل تک آجائیگی۔

اہل خانہ نے بتایا کہ عفان کو اتوار کے روز عمرہ ادائیگی کے لیے روانہ ہونا تھا، جس کے لیے وہ انتظامات میں مصروف تھا اور بدقسمتی سے اسی دوران اُسے فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا۔

مقتول عفان اویس کی نماز جنازہ گھر کے قریب مسجد میں اتوار کی صبح 10 بجے ادا کی گئی اور اُسے بلدیہ ٹاون میں قائم نواب الدین قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

علاوہ ازیں جمشید کواٹر کے علاقے کوئٹہ درویش ہوٹل کشمیر روڈ پر ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے ایک شخص کو زخمی کر دیا جس کی شناخت 30 سالہ شعیب اللہ ولد اکرام اللہ کے نام سے ہوئی۔

شاہ لطیف کے علاقے شادی گوٹھ میں ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی واردات کے دوران فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا ، زخمی ہونے والے کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ، ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 25 سالہ کاظم اولد نظیر کے نام سے کی گئی ، پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے ،

سرجانی ٹاؤن کے علاقے یوسف گوٹھ الخیر مسجد کے قریب گھر میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا ، زخمی ہونے والے شخص کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ، پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 35 سالہ کامران ولد چراغ الدین کے نام سے کی گئی ۔

علاوہ ازیں کراچی کے علاقے شارع نورجہاں کے علاقے اسلامیہ مرکز العلوم مدرسہ بنارس کے قریب پراسرار فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا، جسے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ،جہاں زخمی کی شناخت 20 سالہ خلیل الرحمان کے نام سے ہوئی۔

ایک اور پُرتشدد واقعہ بن قاسم کے علاقے رائل سٹی بنگلوز شاہ ٹاؤن میں جھگڑے کے دوران پیش آیا جہاں 18 سالہ عادل کو مشتعل افراد نے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔